حضور اکرم کائنات کیلئے رحمت بن کر آئے ،مبشر زیدی

منگل 29 دسمبر 2015 13:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 دسمبر۔2015ء) محفل مرتضیٰ سوسائٹی میں منعقدہ جشن عید میلاد النبی و امام جعفر صادق کے جلسے سے خطاب کے دوران مولانا مبشر حیدر زیدی نے کہا کہ حضور اکرم کائنات کیلئے رحمت بن کر آئے اور آپ نے بگڑے ہوئے معاشرے کی درست سمت رہنمائی کی،طرح طرح کی مشکلات اور پریشانیوں کو برداشت کیا،لیکن اخلاق اور کردار اور صبر و تحمل کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا۔

(جاری ہے)

آج دنیا جس بگاڑ کا شکار ہے اسکے خاتمے کیلئے آنحضرت کی تعلیمات اور بتائے ہوئے اصولوں پر چلنا ہوگا ،جلسے سے مولانا محمد حسین رئیسی،علامہ فیروز الدین رحمانی،محمد علی مرچنٹ اور وسیم بادامی نے بھی خطاب کیا اور سیرت طیبہ روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں بسنے والے مسلمان ،دامن رسول اور اہل بیت اطہار سے وابستگی اختیار کریں تاکہ دنیا کو امن کا گہوارا بنایا جاسکے۔بعد ازاں حاجی صدیق اسماعیل ،فیروز الدین سہر وردی ،مسیب رضوی ، اور دیگر نے نعت و منقبت پیش کی ،تقریب میں قومی و ملی شخصیات کے علاوہ شیعہ و سنی بوہری ،آغا خانی جماعت اور دیگر مکاتب فکر کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔