سپیڈو میٹر کی غلطی نے آسٹریلیوی فاسٹ باؤلر ہیزلووڈ کو دنیا کا تیز ترین باؤلر بنا دیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 29 دسمبر 2015 13:03

سپیڈو میٹر کی غلطی نے آسٹریلیوی فاسٹ باؤلر ہیزلووڈ کو دنیا کا تیز ترین ..

میلبورن (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار29دسمبر- 2015ء) ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز آسٹریلیوی میڈیم فاسٹ باؤلر جوش ہیزلووڈ نے 102میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کروا کر سب کو حیران کر دیا ۔ میلبورن ٹیسٹ کے چوتھے روز آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز گزشتہ روز کے سکور پر ہی ڈکلیئر کرکے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 460رنز کا ہدف دیا ۔ ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز کے دوسرے اوور میں جوش ہیزلووڈ نے مہمان بلے باز راجندرا چاندھریکا کو گیند کروائی تو میدان میں موجود کھلاڑیوں سمیت ہر کوئی حیران رہ گیا کیوں کہ سپیڈ میٹر پر اس گیند کی رفتار 164.2کلومیٹر( 102میل فی گھنٹہ)ریکارڈ کی گئی جو سابق پاکستان گیند باز شعیب اختر کی جانب سے کرائی گئی 161.3کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کرائی گئی گیند سے کہیں زیادہ تیز تھی ، میچ دیکھنے والے شائقین اور کرکٹرز کے لیے یہ زیادہ اچھنبے کی بات اس لیے بھی تھی کیوں کہ ہیزلووڈ عام طور پر135کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے باؤلنگ کرواتے ہیں اور ان کا اتنی تیز گیند کروانا سمجھ سے بالاتر تھا۔

(جاری ہے)

کچھ دیر بعد میچ کے براڈکاسٹرز وائیڈ ورلڈ آف سپورٹس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اعتراف کیا کہ مذکورہ گیند کی رفتار سپیڈو میٹر میں خرابی کے باعث اتنی زیادہ دکھائی دی تھی اور اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ یاد رہے کے اس سے پہلے دسمبر ہی میں سری لنکا اور نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران سپیڈو میٹر کے سامنے سے پرندہ گزرنے کے باعث کیوی میڈیم پیسر نیل ویگنر کی گیند 160کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ریکار ڈ ہوئی تھی ۔