راجیش کھنہ کے مداح ان کی73 ویں سالگرہ منا رہے ہیں

منگل 29 دسمبر 2015 13:20

راجیش کھنہ کے مداح ان کی73 ویں سالگرہ منا رہے ہیں

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 دسمبر۔2015ء)70ء کی دہائی میں بالی ووڈ فلموں کے لئے کامیابی کی ضمانت سمجھے جانے والے رومانی ہیرو راجیش کھنہ کے مداح 29 دسمبر کو ان کی73ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ساٹھ کے عشرے کے ا?خر میں فلمی دنیا میں قدم رکھنے والے عظیم اداکار مشرقی پنجاب کے شہر امرتسر میں انتیس دسمبر 1942ء میں پیدا ہوئے ، اصل نام جیتن کھنہ تھا۔

اپنی ابتدائی فلموں بہاروں کے سپنے،رازاورعورت سے ہی انہیں ملک گیر شہرت حاصل ہوگئی تھی۔ وہ انیس سو اکیانوے میں فلمی دنیا چھوڑنے تک سینما اسکرین پر چھا ئے رہے۔فلم خاموشی میں ان کے کردار کو بے حد سراہا گیا اور نقادوں نے بھی انہیں بھارتی سینما اور ہندی فلموں کا پہلا سپر اسٹار قرار دیا۔ انہوں نے 1977ء میں اداکارہ ڈمپل کپاڈیا سے شادی کی جن سے ان کے دو بیٹیاں ٹوئنکل کھنہ اور رنکل کھنہ ہیں تاہم یہ شادی زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور انیس سو چوراسی میں دونوں میں علیحدگی ہوگئی۔

(جاری ہے)

راجیش کھنہ نے انیس سو اکانوے میں فلمی دنیا چھوڑ کر سیاست کا ا?غاز کیا اور کانگریس پارٹی میں شامل ہوگئے اور رکن پارلیمنٹ بھی منتخب ہوئے۔اپنے انداز اور کرداروں کو لازوال بنانے والے سپرسٹار راجیش کھنہ خود تو انہتر برس کی عمر میں اس دنیا سے گزر گئے لیکن ان کا بے مثال فن انہیں مدتوں چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ رکھے گا۔