حکومت منگھوپیر کی عوام کیساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کرے‘ حلیم عادل

منگل 29 دسمبر 2015 13:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 دسمبر۔2015ء) آل منگھوپیر اسکول ایسوسی ایشن کے تحت نیا ناظم آباد کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا ۔حلیم عادل شیخ نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان ہیلپ لائن کے چیئرمین سید قیصر محمود،ایاز الحسن‘سینئرصحافی فیض اللہ خان‘ علی احمد صدیقی‘ اور لطیف رند سمیت دیگرنے شرکت کی۔

ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ حکومت منگھوپیر کی عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کرے ۔انہوں نے کہا کہ منگھوپیر سے خوف کی فضاء ختم ہوگئی ہے ‘ یہاں کے باشندے محنت اور لگن سے ہر میدان میں اپنا لوہا منواتے ہیں ‘ لیکن افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ صوبائی اور شہری حکومت نے منگھوپیر کو لاوارث بنا کر رکھ دیا ہے ‘ پسماندگی جیسے منگھوپیر کی مقدر میں لکھ دیا گیا ہو‘ آج منگھوپیر میں کھیلوں کی سرگرمیاں عروج پر ہیں لیکن کھیلنے کیلئے میدان میسر نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نیا ناظم آباد منگھوپیر میں اسٹیڈیم تعمیر کرسکتا ہے تو حکومت وسائل کے باوجود کیوں نہیں کررہی۔انہوں نے کہاکہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر منگھوپیر کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے میدان تعمیر کرے۔ حکومت کی عدم دلچسپی منگھوپیر کو لیاری بناسکتی ہے۔ پاکستان ہیلپ لائن کے چیئرمین سید قیصر محمود نے کہا کہ آج سے چند سال قبل منگھوپیر کا نام سن کر خوف آتا تھا آج اسی منگھوپیر میں رات کے اوقات میں آتے وقت کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

ٹیلنٹ کی منگھوپیر میں کوئی کمی نہیں۔ ضرورت حکومت کی دلچسپی کی ہے۔ منگھوپیر کے عوام محب وطن ہیں تعلیم اور کھیلوں سے لگاؤ رکھتے ہیں۔ یہاں کی عوام نے جب بھی پکارا میں اپنی ٹیم کیساتھ ان کے ہمراہ رہا ہوں۔ عبدالطیف رندنے کہاکہ منگھوپیر میں امن کی خاطر یہاں کی عوام نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، رینجرز اور پولیس کی بے پناہ قربانیوں کے باعث منگھوپیر میں امن قائم ہوا ہے۔

ایس ایچ او غلام حسین کورائی کی منگھوپیر میں امن قائم کرنے کیلئے کوششیں قابل تحسین ہیں ان کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ بعدازاں آل منگھوپیر اسکول ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر بشیر احمد‘ سر شاہ نواز‘ معروف اسپورٹس آرگنائزر ساجد رند‘ معروف مہمانوں کو اجرک کے تحائف اور شیلڈ پیش کی۔ اور ان کی آمد کا شکریہ ادا کیا۔کرکٹ ٹورنامنٹ منگھوپیر میں امن کی بحالی کی خوشی میں منعقد کیا گیا ٹورنامنٹ کامیابی سے اختتام پذیر ہوا ۔