لاہور ہائیکورٹ نے فاسٹ باولر محمد عامر کو قومی ٹیم میں شمولیت کے لیے کلین چٹ دیدی

منگل 29 دسمبر 2015 15:30

لاہور ہائیکورٹ نے فاسٹ باولر محمد عامر کو قومی ٹیم میں شمولیت کے لیے ..

لاہور (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار29دسمبر- 2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے محمد عامر کی قومی ٹیم میں شمولیت کے خلاف درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں قومی ٹیم میں شمولیت کے لیے کلین چٹ دیدی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال خان نے محمد عامر کو دورہ نیوزی لینڈ کیلئے قومی ٹیم میں شامل کرنے کے خلاف کیس کی سماعت کی ۔ دوران سماعت عدالت نے پی سی بی کا موقف سننے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے قانونی مشیر کو طلب کیا جنہوں نے تین صفحات پر مشتمل تحریری جواب عدالت عالیہ میں جمع کرایا ۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی کی جانب سے ے جمع کرائے گئے جواب میں موقف اختیار کیا کہ محمد عامر اپنے کئے کی سزا بھگت چکے ہیں اسلئے پابندی کا کوئی جواز نہیں بنتا ہے ، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے بھی محمد عامر کی سزا مکمل ہونے کے بعد انہیں کرکٹ کھیلنے کی اجازت دیدی ہے جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں قومی ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ۔

(جاری ہے)

عدالت عالیہ نے کچھ دیر کے وقفے کے بعد بند کمرے میں دوبارہ سماعت کی اور جسٹس شاہد بلال خان نے درخواست گزار اور پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی کو بھی چیمبر میں بلا لیا۔ ذرائع کے مطابق بند کمرے میں سماعت کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا گیا جو اب سنا دیا گیا ہے ۔