مردہ سیاست میں جان ڈالنے کیلئے اعجاز شفیع مرحوم کے حوالے سے جھوٹی باتیں قبول نہیں کی جائیں گی،بلال اعجاز شفیع

شیخ رشید مسلم لیگ(ن) میں شامل ہونا چاہیں تو اعجاز شفیع کے اہل خانہ اپنے قائد سے ان کی سفارش کیلئے تیار ہیں،رہنما (ن) لیگ

منگل 29 دسمبر 2015 17:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 دسمبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما سابق امیدوار قومی اسمبلی میاں بلال اعجاز شفیع نے نام نہاد عوامی مسلم لیگ کے لیڈر شیخ رشید کے نجی ٹی وی چینل پر دئے گئے بے بنیاد اور حقائق سے متصادم انٹرویو کے جواب میں کہا ہے کہ شیخ رشید صاحب پاکستان مسلم لیگ(ن) میں شامل ہونا چاہیں تو اعجاز شفیع کے اہل خانہ اپنے قائد سے ان کی سفارش کے لئے تیار ہیں لیکن بے بنیاد الزامات اور مردہ سیاست میں جان ڈالنے کے لئے اعجاز شفیع مرحوم کے حوالے سے جھوٹی باتیں قبول نہیں کی جائیں گی․ اکتوبر 1999 کے بعدقیادت کا ساتھ چھوڑنے والے دوبارہ واپسی کے لئے مرحوم اعجاز شفیع کی قیادت کے ساتھ وفاداری کی تاریخ مسخ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں․ جب ملک بھر میں مسلم لیگ(ن) کا نام لینے والوں کے نام انگلیوں پر گنے جا رہے تھے اس وقت سندھ میں اعجاز شفیع پاکستان مسلم لیگ(ن) اور قائد میاں محمد نواز شریف کے لئے تنہا جانی و مالی قربانیاں دے رہے تھے ․ اعجاز شفیع مرحوم نے آمر مشرف کے نمائندوں کی دھمکیوں اور انتقام کا بہادری سے مقابلہ کیا، غاصب حکمران کی قید کاٹی اور اربوں کا مالی نقصان اپنے قائد کے ساتھ وفادری کی قیمت کے طور پر ادا کیا․وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے معتمد ساتھی اور رکن قومی اسمبلی مرحوم اعجاز شفیع کے صاحبزادے بلال اعجاز شفیع نے شیخ رشید کے ایک نجی ٹی وی چینل پر دئے گئے انٹرویو کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم اعجاز شفیع پاکستان مسلم لیگ(ن) کے معدودے چند رہنماؤں میں سے ایک تھے جن کی وفاداریاں آخری سانس تک قائد میاں محمد نواز شریف کے ساتھ نہ صرف قائم رہیں بلکہ مرحوم اعجاز شفیع کی اولاد کا جینا مرنا بھی قائد میاں محمد نواز شریف کے ساتھ ہے․ حقائق سے ناواقف شیح رشید بے بنیاد بیانات کے ذریعے سیاسی بقا کے لئے ہاتھ پیر مار رہے ہیں․ میاں بلال اعجاز شفیع نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ گواہ ہے کہ مرحوم اعجاز شفیع نے اپنے قائد کی خاطر جان و مال اور کاروبار سب کچھ داؤ پر لگا دیا تھا․ اعجاز شفیع مرحوم نے لانڈھی جیل سے جدہ کی جبری جلاوطنی اور میاں شہباز شریف کی وطن واپسی تک لمحہ لمحہ اپنی قیادت کے ساتھ وفاداری کے انمٹ باب رقم کئے․ اعجاز شفیع مرحوم کا خاندان آمر مشرف کے نمائندے ایک بریگیڈئر کی وہ دھمکیاں کبھی نہیں بھول سکے گا جب اعجاز شفیع کو من پسند وزارت کا لالچ دیا گیا جسے قبول نہ کرنے کی صورت میں معاشی طور پر تباہ کردینے کی دھمکیاں دی گئیں․ مسلم لیگ(ن) سندھ کے کارکنان گواہ ہیں کہ اعجاز شفیع نے مشرف کے نمائندے کو ببانگ دہل جواب دیا تھا کہ " اعجاز شفیع پان کا کھوکا لگا سکتا ہے لیک اپنے قائد کا ساتھ نہیں چھوڑ سکتا"․ مسلم لیگ(ن) کے رہنما میاں بلال اعجاز شفیع نے کہا کہ مرحوم اعجاز شفیع پاکستان کے ان نابغہ روزگار رہنماؤں میں سے ایک تھے جن کی سیاست مفادات اور وزارتوں کے گرد نہیں گھومتی بلکہ ان کی سیاست ملک و قوم کی خدمت کا دوسرا نام تھا․ شیخ رشید صاحب پاکستان مسلم لیگ(ن) میں رہتے ہوئے مرحوم اعجاز شفیع کے دوست بھی تھے اس لئے اگر ان کی پاکستان مسلم لیگ(ن) میں واپسی کی خواہش ہوتا تو میں اپنے قائد میاں محمدنواز شریف کی خدمت میں ان کی سفارش لے جانے کے لئے حاضر ہوں لیکن ان سے مئودبانہ گزارش ہے کہ اعجاز شفیع مرحوم کی قربانیوں اور وفاداری کو سیاسی مقاصد کے حصول کے لئے استعمال کرنے سے گریز کریں․ میاں بلال اعجاز شفیع نے کہا قائد میاں محمد نواز شریف کے ساتھ ہمارے گھرانے کا تعلق پاکستان کیساتھ محبت کی طرح ہے پاکستان مسلم لیگ(ن) ہی پاکستان کی بقا سلامتی اور معاشی خوشحالی کی واحد امید ہے اس لئے پاکستان کے اٹھارہ کروڑ عوام اپنی آئندہ نسلوں کے تابناک مستقبل کے لئے قائد میاں محمد نواز شریف کی قیادت کو رحمت خداوندی سمجھتے ہیں․

متعلقہ عنوان :