لاہور ہائی کورٹ نے محمد عامر کوکلین چٹ دیدی

دور ہ نیوزی لینڈ میں شامل کئے جانے کیخلاف درخواست خارج کردی گئی محمد عامر اپنے کئے کی سزا بھگت چکا ، اس لئے پابندی کا کوئی جواز نہیں، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھی سزا مکمل ہونے کے بعد انہیں کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، پی سی بی وکیل تفضل رضوی کا تین صفحات پر مشتمل تحریری جواب

منگل 29 دسمبر 2015 18:23

لاہور ہائی کورٹ نے محمد عامر کوکلین چٹ دیدی

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔29 دسمبر۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے محمد عامر کی قومی ٹیم میں شمولیت کے خلاف درخواست خارج کرتے ہوئے انہیں ٹیم میں شامل ہونے کا اہل قرار دیدیا ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال خان نے محمد عامر کو دورہ نیوزی لینڈ کیلئے قومی ٹیم میں شامل کرنے کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے پی سی بی کا موقف سننے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے قانونی مشیر کو طلب کیا جنہوں نے تین صفحات پر مشتمل تحریری جواب عدالت میں جمع کرایا۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی کی جانب سے ے جمع کرائے گئے جواب میں موقف اختیار کیا کہ محمد عامر اپنے کئے کی سزا بھگت چکا ہے اس لئے پابندی کا کوئی جواز نہیں، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے بھی محمد عامر کی سزا مکمل ہونے کے بعد انہیں کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) نے انہیں قومی ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے کچھ دیر کے وقفے کے بعد بند کمرے میں دوبارہ سماعت کی اور جسٹس شاہد بلال خان نے درخواست گزار، پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی کو بھی چیمبر میں بلا لیا۔ ذرائع کے مطابق بند کمرے میں سماعت کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے جسے کچھ دیر بعد سنایا گیا جس کے مطابق محمد عامر کے خلاف درخواست خارج کرتے ہوئے انہیں ٹیم میں شامل ہونے کا اہل قرار دیدیا گیا ہے۔ ۔