ملکی معیشت کے استحکام کیلئے فنی تعلیم کو مزید فروغ دینا ضروری ہے، رانا تنویر حسین

پاکستان میں نوجوانوں کا مستقبل روشن ہے ، نوجوانوں کو فنی تعلیم سے آراستہ کرنا (ن) لیگ کے منشور میں شامل ہے پاک سوئس فرینڈ شپ نوجوانوں کیلئے فنی تعلیم میں اہم کردار ادا کر رہی ہے،گوادر کے نوجوانوں کو فنی تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے پی ایس ٹی سی وہاں بھی اپنی برانچ کھولے ، وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی

منگل 29 دسمبر 2015 20:34

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔29 دسمبر۔2015ء) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کے استحکام کے لئے ضروری ہے کہ فنی تعلیم کو مزید فروغ دیا جائے، موجودہ حکومت نے اس ضمن میں مختلف منصوبے شروع کئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پاکستان سوئس ٹریننگ سینٹر کراچی (پی ایس ٹی سی) کی گولڈن جوبلی تقریب کے موقع پر پی ایس ٹی سی کے آڈیٹوریم میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سوئس قونصل جنرل Emil Wyss، ڈائریکٹر پی ایس ٹی سی غلام علی شیخ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کا مستقبل روشن ہے اور حکومت اس سلسلے میں سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو فنی تعلیم سے آراستہ کرنا مسلم لیگ (ن) کے منشور میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک سوئس فرینڈ شپ نوجوانوں کے لئے فنی تعلیم میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ایس ٹی سی گوادر بلوچستان میں بھی اپنی برانچ کھولے تاکہ وہاں کے نوجوانوں کو بھی فنی تعلیم سے آراستہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاک سوئس ٹریننگ سینٹر قومی اور بین الاقوامی سطح پر نام روشن کر رہا ہے، اس ادارے کی ضروریات پوری کرنا حکومت کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کی محنت نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنائے گی۔

اس موقع پر سوئٹزرلینڈ کے سفیر Emil Wyss نے کہا کہ سوئس حکومت پاکستان میں نوجوانوں کو فنی تعلیم کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی فنی تعلیم کے مزید ادارے قائم کئے جائیں گے۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں میں شیلڈز اور سوینئر تقسیم کئے گئے۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان میں بہت سے ادارے اچھا کام کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی میں قیام امن کے لئے رینجرز نے موثر کردار ادا کیا ہے اور یہ تاثر غلط ہے کہ وفاقی حکومت صوبے کے معاملات میں مداخلت کر رہی ہے۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ وفاق رینجرز کے معاملے میں آئینی اور قانونی اقدامات کر رہا ہے جس کے باعث کراچی میں دیرپا امن قائم ہو گا۔

متعلقہ عنوان :