وزیر اعظم کی جانب صنعتوں کے لیے بجلی کے نرخوں میں تین روپے فی یونٹ کمی کا اعلان قابل تحسین ہے،کاٹی

پورٹ قاسم میں بجلی کے نئے منصوبے کا آغاز خوش آئند ، ملک میں جاری دیگر توانائی منصوبے تکمیل تک پہنچنے سے توانائی بحران ختم ہونے کے بعد ملک صنعتی ترقی کی نئی منزلوں کی جانب گامزن ہوگا،ایس ایم منیر/ زاہد سعید

منگل 29 دسمبر 2015 21:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔29 دسمبر۔2015ء ) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے سرپرست اعلیٰ اور معروف صنعت کار و تاجر رہنما ایس ایم منیر اور کاٹی کے صدر زاہد سعید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی جانب صنعتوں کے لیے بجلی کے نرخوں میں تین روپے فی یونٹ کمی کا اعلان قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے حالیہ دورہٴ کراچی کے دوران ملک میں توانائی کے بحران کے خاتمے اور صنعتوں کو درپیش توانائی سے متعلق مسائل کو حل کرنے کے لیے جو روڈ میپ دیا ہے اگر اس پر عمل کیا گیا تو امید ہے کہ پاکستان میں صنعتوں کے مسائل حل ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پورٹ قاسم میں بجلی کے نئے منصوبے کا آغاز خوش آئند ہے، علاوہ ازیں ملک میں جاری دیگر توانائی کے منصوبے تکمیل تک پہنچنے کے بعد ملک سے توانائی بحران ختم ہونے کے بعد ملک صنعتی ترقی کی نئی منزلوں کی جانب گامزن ہوگا۔

(جاری ہے)

دونوں راہنماوٴں کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے اپنے حالیہ دورے میں جس طرح امن و امان کے قیام اور توانائی بحران کے حل کے لیے اپنے پختہ عزم کا اظہار کیا ہے اس سے ملک کی تاجر برادری اور عوام کے حوصلے بڑھے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل وزیر اعظم نے گیس کی فراہمی میں ہونے والے تعطل اور موسم سرما کے باعث گھریلو اور صنعتی صارفین کو درپیش مسائل کومد نظر رکھتے ہوئے عوامی مفاد میں گیس نرخوں میں اضافے کو روک کر قابل تحسین اقدام کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ جس وقت گیس کے نرخوں میں اضافے کے خبریں آنا شروع ہوئی تھیں تو عوامی حلقوں کے ساتھ ساتھ تاجر وصنعت کار نمائندوں نے اس فیصلے کی مخالفت کی تھی ، میاں نوز شریف نے جس طرح عوامی مطالبات کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے وہ قابل ستائش ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت ملک میں صنعتی اور گھریلو صارفین کے مسائل کے حل کے لیے ضروری ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں توانائی کے جتنے بھی منصوبوں کا آغاز ہوا ہے انھیں پایہٴ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رواں مالی سال کے ابتدائی حصے میں توانائی کے شعبے میں ہونے والی کثیر غیر ملکی سرمایہ کاری حوصلہ افزا ہے، ملک کی تاجر و صنعت کار برادری کی خواہش ہے کہ ملک میں توانائی کا بحران جلد از جلد ہو اور ملک میں نئے صنعتی انقلاب کا آغاز ہو جو دراصل قومی ترقی کی پہلی شرط ہے۔

متعلقہ عنوان :