ایران نے سمندر میں امریکا اور فرانس کے بحری جنگی جہازوں کے نزدیک میزائل تجربات کیے ، امریکی فوجی عہدیدار

واشنگٹن نے میزائل تجربے کو اشتعال انگیز قرار دے دیا

بدھ 30 دسمبر 2015 13:09

ایران نے سمندر میں امریکا اور فرانس کے بحری جنگی جہازوں کے نزدیک میزائل ..

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30دسمبر۔2015ء) امریکی فوج کے ایک سینیر عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ پچھلے ہفتے ایران نے سمندر میں امریکا اور فرانس کے بحری جنگی جہازوں کے نزدیک میزائل تجربات کیے ہیں غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر امریکی فوجی عہدیدار نے بتایا کہ ایرانی بحریہ نے میزائل تجربات ہمارے بحری جہازوں کے اتنے قریب کیے کہ انہیں اشتعال انگیز کارروائی قرار دیا جا سکتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے امریکی عہدیدارنے بتایا کہ ایرانی بحریہ نے ایک میزائل تجربہ امریکی جنگی بیڑے”ھیر ایس ٹرومین“ سے ڈیڑھ کلو میٹر دور اس وقت کیا جب بیڑا آبنائے ہرمز عبور کر رہا تھا۔فوجی عہدیدار نے بتایا کہ اس میزائل ٹیسٹ کے دوران امریکی بحری جنگی جہاز”بالکلی“ اور فرانسیسی جنگی جہاز کے علاوہ کئی مال بردار جہاز بھی قریب ہی سے گذر رہے تھے۔

(جاری ہے)

امریکی عہدیدار نے بتایا کہ ایرانی میزائل تجربات 26 دسمبر کو کیے گئے۔ اس دوران واشنگٹن اور پیرس کو کسی قسم کے حفاظتی انتظامات کی ضرورت نہیں پڑی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی نیول فورس کی جانب سے آبنائے ہرمز میں موجود جہازوں کو وائرلس کی مدد سے میزایل تجربے کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے انہیں دور رہنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔امریکی فوجی افسر کا کہنا ہے کہ ان کا خیال ہے کہ ایرانی فوج نے میزائل سلطنت اومان کے سمندر میں موجود اپنے ایک بحری جہاز سے یہ میزائل داغا تھا