17 سالہ بھارتی لڑکی آمدن کے لیے لڑکوں سے لڑنے کو ترجیح دینے لگی

بدھ 30 دسمبر 2015 13:29

17 سالہ بھارتی لڑکی آمدن کے لیے لڑکوں سے لڑنے کو ترجیح دینے لگی

نئی دہلی (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار30دسمبر- 2015ء) کشتی کو مرد پہلوانوں کا کھیل سمجھا جاتا ہے لیکن بھارت میں ایک 17 سالہ لڑکی اس کھیل میں مردوں سے مقابلے کو ترجیح دیتی ہے کیونکہ ان مقابلوں میں اُسے آمدن بھی ہوتی ہے ، اس پہلوان دویہ سین کی کہانی برطانوی میڈیا سامنے لایا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق دویہ سنگھ ایسے مقابلوں میں درجنوں لڑکوں کو مات دے چکی ہے اور اب لڑکے بھی ان سے ڈرتے ہیں ۔

دنگل میں لڑکی کا سامنے کھڑے ہوجانا بھی چیلنج نہیں ، کشتی جسم کی پکڑدھکڑ اور داﺅپیچ کا کھیل ہے ، لڑکے صرف لنگوٹ پہنتے ہیں تو لڑکی کا لباس بھی الگ ہوتاہے ۔ یہ ایک شوق ہے یا مجبور ی جس کی وجہ سے ایک لڑکی نے لڑکوں سے ٹکر لینے کا فیصلہ کیا ۔ دہلی کے غریب گھرانے کی دویہ سین نے بتایاکہ لڑکوں کو ہراﺅ تو زیادہ اچھا لگتا ہے ، سناہے کہ لڑکوں میں زیادہ طاقت ہوتی ہے ، لڑکوں کو بھی برا لگتاہے کہ ایک لڑکی سے ہار کھا گیا ، لڑکوں کو پہلے بول دیتی تھی کہ کپڑوں کو ہاتھ مت لگانا ، اگر کوئی پکڑتا تو چت کرنے کے بعد اوپر بیٹھ جاتی اور کہتی کہ بولا تھا نہ کپڑے مت پکڑنا ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں دویہ نے بتایا کہ رام پورگاﺅں میں لڑکے سے کشتی کرائی گئی ، اسے نیچے گرایا، پٹی ماری اور چت کردیا ، عوام کو اچھا لگا تو تین ہزار روپے آئے ، دنگل میں لڑکوں کیساتھ لڑنے سے پیسے آئے تو پھر سوچا کہ لڑکیوں سے کیوں لڑوں ؟ دویہ کے والد سورج ویر پہلوان نے بتایا کہ شروع میں برادری نے مخالفت کی لیکن جب تھوڑا نام ہونے لگا تواس کے بعد حمایت شروع کردی کہ ٹھیک ہے۔ دویہ سین لڑکیوں کے 70 کلو کے زمرے میں بھی اُنہوں نے ریکارڈ قائم کیا اور چند ماہ قبل بھی ایشیائی چیمپئن بنی ہیں ، اب وہ اولمپک میں گولڈ میڈل حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہیں ۔