حکومت نے غریب سے روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا،گیس بندش سے روٹی 2روپے مہنگی

بدھ 30 دسمبر 2015 14:48

حکومت نے غریب سے روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا،گیس بندش سے روٹی 2روپے مہنگی

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30دسمبر۔2015ء) حکومت نے غریب سے روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا ،جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گیس نہ ہونے کے باعث نان ، روٹی کی قیمتوں 2روپے فی روٹی اضافہ کردیا گیا جبکہ نان بائیوں کا کہنا ہے کہ روزانہ کوئلہ تین سے پانچ کلواستعمال ہوتا ہے جو 75روپے فی کلوپڑتا ہے ، ماہانہ7ہزار کی گیس بھروانا پڑتی ہے جس کے باعث روٹی کی قیمت میں اضافہ کرنا ہماری مجبوری بن چکا ہے ۔

آن لائن کے سروے کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی شہر اور آس پاس کے علاقوں میں جاری گیس بحران کی وجہ سے رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور مارکیٹ میں نان روٹی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے ، روٹی کی قیمت میں 2روپے اضافہ کیا گیا ہے جس کے باعث غریب عوام مہنگی روٹی خریدنے پر مجبور ہیں ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب نان بائیوں اعجاز شاہ ، ملک داد ، عبدالشکور ، نواب شاہ ، محمد خان ، ظہیر اقبال ، شمیم ، سرفراز خان،خالد،بابر عباسی،رضوان ،عبد الرحمن ودیگر کا موقف ہے کہ ہمیں روزانہ تقریبا پانچ کلو کوئلہ استعمال کرنا پڑتا ہے اور کوئلہ فی کلو75روپے مل رہا ہے جبکہ ماہانہ سات ہزار روپے کے گیس سلنڈر بھرواتے ہیں جس کے باعث ہمارے اخراجات میں اضافہ ہورہا ہے اس کے علاوہ گیس نہ ہونے کے باوجود ہمیں بل میں تھما دیئے جاتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دکانوں کا کرایہ اور گھریلو اخراجات پورے کرنا بھی ہمارے لئے ناممکن ہو چکا ہے لہذا ہم روٹی کی قیمت میں اضافہ کرنے پر مجبور ہیں ۔

متعلقہ عنوان :