بھارتی بزنس مین جندال پس پردہ پاک بھارت سفارتکاری میں مصروف

جندال افغانستان سے 90 ارب ڈالرز کا لوہا بھارت لانا چاہتے ہیں ، ذرائع

بدھ 30 دسمبر 2015 14:53

بھارتی بزنس مین جندال پس پردہ پاک بھارت سفارتکاری میں مصروف

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30دسمبر۔2015ء) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے اچانک دورہ پاکستان سے پردے اٹھنے شروع ہو گئے ہیں،بھارتی بزنس مین جندال پس پردہ سفارت کاری کے ذریعے افغانستان سے 90 ارب ڈالرز کا لوہا بھارت لانے کیلئے کوشاں ہیں۔مصدقہ ذرائع کے مطابق سابق افغان صدر حامد کرزئی نے بھارتی بزنس مفادات کو آگے بڑھانے کے لئے بھارتی بزنس مین ساجن جندال کو ہی فوقیت دی ہے ۔

جندال نے نریندر مودی کے دورہ لاہور سے قبل اپنی اہلیہ کے ساتھ لاہور ہی میں تصویریں ٹوئٹر پر جاری کی تھیں ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ حامد کرزئی نے حاجی گاگ کے علاقے میں تین لوہے کی کچ دھاتوں کے لئے بھارتی بزنس کنشورنیم کو منتخب کیا ہے، حاجی گاگ کے علاقے میں لوہے کی 1.8 ارب ٹن کچ دھات موجود ہے اس ڈیل سے بھارت کے بزنس گروپ جے ایس ڈبلیو کو ہی فائدہ پہنچے گا جس کے سربراہ ساجن جندال ہیں اور یہ ڈیل 90 ارب ڈالرز پر مشتمل ہے، 9 بجے ہی جندال نے اپنی اور اپنی اہلیہ کی لاہور موجودگی کی تصویر ٹوئٹ کر دی تھی اس ٹوئٹ سے ایک گھنٹہ قبل بھارتی وزیر اعظم مودی کو ٹوئٹ کی تھی جس میں دہلی جاتے ہوئے لاہور میں ان کے مختصر قیام کا ذکر تھا، واضح رہے کہ بھارتی صحافی برکھادت نے جندال کے ذریعے پاک بھارت سفارتکاری کا بھانڈا پھوڑا تھا، بھارت وسطی ایشیاء اور افغانستان کے ذریعے زمینی رابطے چاہتا ہے اور یہ اقدامات بھارتی سٹیل بزنس مین جندال کے بزنس مفادات کیلئے تھے جس کے ذریعے وہ افغانستان سے 90 ارب ڈالرز کا لوہا بھارت پروسیسنگ کے لئے لانا چاہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے مزید بتایا کہ یہ عالمی سفارت کاری کا نیا طریقہ ہے جس کے کثیر اہداف بھی حاصل کئے گئے ہیں تاہم ان اقدامات کئی سفارتی اور معاشی مضمرات بھی ہیں ،بھارت کے اصولی موقف کو تقویت ملی اور اسلام آباد میں بھارتی سفارت کار کے ذریعے پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر کے سرکاری الفاظ کے استعمال پر پاکستانی خاموشی نے اس تقویت کو مزید آگے بڑھایا ۔

پاکستان کے دورے سے گجرات میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث نریندر مودی کے گناہوں کو دھویا گیا،ذرائع نے بتایا کہ کراچی اور بلوچستان میں خفیہ آپریشن کے حوالے سے بھارتی حکام کے اعترافی بیانات کے ثبوت کے باوجودعالمی سطح پر موثر بھارتی سفارت کاری نے کام کردکھایا جبکہ معاشی مضمرات کے حوالے سے کہاگیا ہے کہ اس سفارت کاری کے نتیجے میں بھارت موثر علاقائی قوت بن جائے گا کیونکہ پاکستان نے اپنے بڑے مخالف بھارت کے ماتحت کام کرنے کا انتخاب کیا ہے

متعلقہ عنوان :