ترکی اور سعودی عرب کا دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور دہشتگردی کے خلاف مل کر کوششیں کرنے پر اتفاق

بدھ 30 دسمبر 2015 15:18

ترکی اور سعودی عرب کا دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور دہشتگردی ..

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 دسمبر۔2015ء ) سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ریاض میں ترک صدر رجب طیب اردگان نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردگان ریاض پہنچے جہاں انھوں نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی ۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات، اہم علاقائی اور عالمی امور ،34 ممالک پر مشتمل اتحاد،دہشتگردی کے خلاف جنگ اور داعش سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیا ل کیا گیا ۔دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور دہشتگردی کے خلاف مل کر کوششیں کرنے پر اتفاق کیا۔ ترکی سے روانہ ہونے سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رجب طیب اردگان نے کہا کہ وہ شاہ سلمان کے ساتھ شامی تنازعے اور اقتصادی امور سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ان کا ملک شام میں جاری بحران کا سیاسی حل چاہتا ہے۔انھوں نے بتایا کہ وہ سعودی فرمانروا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات ،انھیں مزید فروغ دینے کے طریقوں ،لیبیا ،عراق اور یمن میں جاری بحرانوں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے حال ہی میں تشکیل پانے والے چونتیس ممالک پر مشتمل اتحاد کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔قبل ازیں ترک صدر ،ان کی اہلیہ ایمن اور وفد کا الریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آمد پر وزیر مملکت اور شاہ سلمان کے مشیر شہزادہ منصور بن متعب بن عبدالعزیز ،وزیر خارجہ عادل الجبیر ،وزیرمملکت مسعد بن محمد العبین اور دوسرے اعلیٰ سعودی عہدے داروں نے استقبال کیا۔