ڈربن ٹیسٹ، انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 241رنز سے ہرادیا

بدھ 30 دسمبر 2015 17:39

ڈربن ٹیسٹ، انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 241رنز سے ہرادیا

ڈربن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 دسمبر۔2015ء) جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن میں کھیلے جانے والے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن معین علی اور سٹیون فن کی بہتر بولنگ کے سامنے جنوبی افریقہ کی ٹیم سنبھل نہ سکی اور اسے شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا۔جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 174 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور اس طرح اسے 241 رنز کے واضح فرق سے شکست ملی۔

آخری وکٹ سٹوارٹ براڈ نے لی۔چوتھے دن انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو جیتنے کے لیے 140 اوورز میں 416 رنز کا ہدف دیا تھا اور کھیل کے اختتام پر اس نے چار وکٹ کے نقصان پر 136 رنز بنا لیے تھے۔پانچویں دن کے کھیل کے آغاز پر اے بی ڈی ویلیئرز کل کے سکور 37 رنز میں بغیر اضافہ کیے معین علی کی گیند پر آؤٹ ہو گئے اور اس طرح میزبان ٹیم کے لیے میچ بچانا مشکل ہو گیا۔

(جاری ہے)

چوتھے دن انگلینڈ کی پوری ٹیم 326 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اسے 415 رنز کی مجموعی سبقت حاصل ہو گئی تھی۔ انگلینڈ کی جانب سے وکٹ کیپر بیئرسٹو اور جو روٹ نے عمدہ بیٹنگ کی اور بالترتیب 79 اور 73 رنز بنائے جبکہ جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈین پیٹ نے 153 رنز کے عوض پانچ وکٹیں لیں۔اس سے قبل جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 216 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

جنوبی افریقہ کی اننگز میں ایلگر اور اے بی ڈی ویلیئرز کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی انگلش بولروں کا پر اعتماد انداز میں سامنا نہ کر سکا۔ایلگر نے 118 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ ڈی ویلئیرز 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔دیگر کھلاڑیوں میں وین زل، ایبٹ اور مورکل صفر، ہاشم آملہ سات، ڈو پلیسی اور ڈمنی دو دو، باوما دس، سٹین 17 اور پیٹڈ ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔انگلینڈ کی جانب سے کرس براڈ اور معین علی نے چار، چار اور فن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔خیال رہے کہ انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 303 رنز بنائے تھے۔

متعلقہ عنوان :