ترک صدر کا شاہ سلمان سے دوطرفہ تعلقات، علاقائی امور پر تبادلہ خیال

سعودی فرمانرواکے ساتھ 34ممالک کے اسلامی اتحاد کے حوالے سے بات کی جائیگی،طیب ایردوآن

بدھ 30 دسمبر 2015 17:42

ترک صدر کا شاہ سلمان سے دوطرفہ تعلقات، علاقائی امور پر تبادلہ خیال

الریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 دسمبر۔2015ء)سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے الریاض میں ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے ملاقات کی ہے اور ان سے دوطرفہ تعلقات، اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔جرمن خبررساں ادارے کے مطابق ترک صدر گزشتہ روزسعودی عرب کے دورے پر الریاض پہنچے ۔انھوں نے ترکی سے روانہ ہونے سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ شاہ سلمان کے ساتھ شامی تنازعے اور اقتصادی امور سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ان کا ملک شام میں جاری بحران کا سیاسی حل چاہتا ہے۔انھوں نے بتایا کہ وہ سعودی فرمانروا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات ،انھیں مزید فروغ دینے کے طریقوں ،لیبیا ،عراق اور یمن میں جاری بحرانوں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے حال ہی میں تشکیل پانے والے چونتیس ممالک پر مشتمل اتحاد کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔قبل ازیں ترک صدر ،ان کی اہلیہ ایمن اور وفد کا الریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آمد پر وزیر مملکت اور شاہ سلمان کے مشیر شہزادہ منصور بن متعب بن عبدالعزیز ،وزیر خارجہ عادل الجبیر ،وزیرمملکت مسعد بن محمد العبین اور دوسرے اعلیٰ سعودی عہدے داروں نے استقبال کیا۔