کراچی کے عوام رینجرز کو با اختیار اور آپریشنل دیکھنا چاہتے ہیں،علی اکبر گجر

بدھ 30 دسمبر 2015 17:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 دسمبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام رینجرز کو با اختیار اور آپریشنل دیکھنا چاہتے ہیں․ کراچی میں آپریشن عوام کے اصرار اور سیاسی جماعتوں کی رضا مندی سے شروع ہوا تھا جس کا مقصد شہر قائد اعظم کو مافیاؤں سے نجات دلانا اور کراچی کو ایک بار پھر امن و آشتی کا گہوارہ بنانا تھا․ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف چاہتے ہیں کہ یہاں ایک بار پھر کارخانے چلیں، کاروبار زندگی بحال ہو، لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں اور غیر ملکی سرمایہ کار دوبارہ کراچی کا رخ کریں․ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے کراچی میں کوئی سیاسی عزائم نہیں ہیں اور نہ ہی وہ کراچی آپریشن کو متنازعہ اور سیاسی بنانا چاہتی ہے․ یہ آپریشن خالصتا امن و امان بحال کرنے پر مرکوز ہے اور الحمد و ﷲ وفاقی حکومت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت سے کراچی میں اپنے اہداف حاصل کرنے میں بڑی حد تک کامیاب رہی ہے․ علی اکبر گجر نے کہا کہ رینجرز کے آپریشن سے کراچی میں کئی دہائیوں کی لاقانونیت اور خونریزی کا خاتمہ ہوا اور عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے جس پر مسلم لیگ(ن) کی حکومت اور وزیر اعظم میاں نواز شریف کی کوششوں اور قیام امن میں سنجیدگی کو سلام پیش کرنا چاہئیے․ انہوں نے کہا کہ لاہور پاکستان کا دل ہے تو کراچی اس کا دماغ ہے اور مسلم لیگ(ن) اپنے حالیہ دور حکومت میں دل و دماغ سے کام لے کر ملک کو شاہراہ ترقی پر لے جا رہی ہے جو مملکت خداداد کو فلاحی ریاست کا درجہ دلانے میں معاون ثابت ہوگی۔

متعلقہ عنوان :