ٹرین کے ٹوائلٹ میں‌پیدا ہونے والی نومولود بچی ٹریک پر جا گری ، معجزانہ طور پر محفوظ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 30 دسمبر 2015 18:08

ٹرین کے ٹوائلٹ میں‌پیدا ہونے والی نومولود بچی ٹریک پر جا گری ، معجزانہ ..

بھارت (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 30 دسمبر 2015 ء): بھارت میں ایک چلتی ٹرین کے ٹوائلٹ میں جنم لینے والی ایک بچی پھسل کر اسی ٹوائلٹ کے راستے ریلوے ٹریک پر گر گئی لیکن اس کے باوجود بچی معجزانہ طور پر بچ گئی، بچی کے گرنے کے بعد ماں کے شور مچانے پر مسافروں نے زنجیر کھینچ کر ٹرین رکوائی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ٹرین ٹوائلٹ کے راستے ریلوے ٹریک پر گرنے والی بچی معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارت کی شمالی ریاست اُتر پردیش میں ایک حاملہ خاتون ٹرین میں سفر کر رہی تھی جب اسے شدید درد ہوا۔مقامی پولیس افسر انیل سروشی کے مطابق یہ 23 سالہ خاتون مسافر ٹرین کے ٹوائلٹ میں چلی گئی جہاں اس نے ایک بیٹی کو جنم دیا تاہم یہ نومولود بچی پھسل کر کموڈ کے راستے ٹریک پر جا گری۔

(جاری ہے)

انیل سروشی نے بتایا کہ ’’مسافروں نے خاتون کی چیخ و پکار سن کر ٹرین رکوانے کے لیے ایمرجنسی زنجیر کھینچ دی۔

ٹرین رکنے کے بعد لوگ اتر کر ٹریک پر گرنے والی اس بچی کی طرف دوڑے اور دیکھا کہ وہ زندہ ہے۔‘‘ریلوے کے ایک اہلکار چندر موہن جندل نے ٹائمز آف انڈیا کو بتایا، ’’یہ ایک معجزہ ہے کہ نومولود بچی اتنی بلندی سے کنکریٹ کے بنے بلاکس پر گری اور محفوظ رہی۔‘‘ بھارت میں یہ اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔ رواں برس فروری میں بھی بھارتی ریاست راجستھان میں ایک خاتون نے ایک ٹرین کے ٹوائلٹ میں ایک بچے کو جنم دیا تھا جو اسی طرح پھسل کر ریلوے ٹریک پر جا گرا تھا۔ خوش قسمتی سے وہ بچہ بھی محفوظ رہا تھا۔