نیوائیرنائٹ کے نام پر غیرشرعی پروگراموں پر پابندی عائد کی جائے ،مفتی نعیم

زلزلہ،دہشت گردی،بم دھماکوں،کرپشن اوربیڈگورننس پراﷲ سے معافی مانگی جائے، جامعہ بنوریہ عالمیہ میں میڈیا سے گفتگو

بدھ 30 دسمبر 2015 20:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 دسمبر۔2015ء) معروف عالم دین وجامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہا ہے کہ مغرب زدہ عناصر مغرب کا غیر مہذب اور مادر پدر آزاد معاشرے کو پاکستان میں فروغ دینے کی مذموم کوششیں کررہے ہیں،نیو ائیر نائٹ،ویلنٹائن ڈے توکبھی بسنت اوردیگر خرافات کی شکل میں زہریلا کلچرنسل نو میں انجیکٹ کیاجارہاہے،نئے سال کی ابتداء میں اﷲ تعالی سے خیروبرکت اورملک میں امن وامان کے قیام کیلئے خصوصی دعاؤں کااہتمام کیاجائے ،،نیوائیرنائٹ کے نام پرغیرشرعی اورغیر اخلاقی پروگراموں پرپابندی عائد کی جائے اور قانون کی پاسداری نہ کرنے والوں سے سختی سے نمٹاجائے۔

جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے نئے سال 2016کی آمد کے حوالے سے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ دور میں پاکستان کو خطرناک قسم کے اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے ،ایسے میں نیو ائیر نائٹ میں مغربی کلچرکو فروغ دینے کے بجائے ملک میں قیام امن کیلئے دعائیں مانگی جائیں زلزلہ ، دہشت گردی ، بم دھماکوں ، کرپشن اور بیڈ گورننس پر اﷲ سے معافی مانگی جائے ، انہوں نے کہاکہ مغربی ملک وملت دشمن عناصر پاکستان کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں پرحملہ آور ہیں، منظم منصوبے کے تحت پاکستانی نوجوان نسل میں ائیر نائٹ،ویلنٹائن ڈے توکبھی مخلوط میراتھن ریس،بسنت اوردیگر خرافات کی شکل میں زہریلا وغیر مہذب اعمال انجیکٹ کرکے دین سے دور کیا جارہاہے گزشتہ کئی سالوں سے ان مذموم کوششوں میں کافی تیزی آچکی ہے ،ہمیں پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے تحفظ اور ملک کی سلامتی و خودمختاری کیلئے اخوت و بھائی چارے کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نو جوان نسل کوبے راہ روی سے بچاناریاست کے ہرفردکی ذمہ داری ، آج ملک میں بے حیائی کا کلچر عام ہوچکاہے کھلے عام بے حیائی کو فروغٖ دیا جارہاہے جس سے نسل نو تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے اور آئے روز جنسی تشدد ودرندگی کے واقعات میں اضافہ ہورہاہے ،انہوں نے قوم سے اپیل کی ہے کہ سال کی ابتدامیں اﷲ تعالی سے خیروبرکت اورملک میں امن وامان کے قیام کیلئے خصوصی دعاؤں کااہتمام کیاجائے ، حکومت نیوائیرنائٹ کے نام پرغیرشرعی وغیر اخلاقی پروگراموں کا فی الفور نوٹس لے اور اس پر پابندی عائد کرے اورقانون کی پاسداری نہ کرنے والوں سے سختی سے نمٹاجائے ۔

متعلقہ عنوان :