ایف پی سی سی آئی سالانہ انتخابات، یونائٹیڈ بزنس گروپ نے میدان مار لیا، بزنس مین پینل کو عبرتناک شکست کا سامنا

بدھ 30 دسمبر 2015 22:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 دسمبر۔2015ء)وفاق ایوانہائے صنعت وتجارت (ایف پی سی سی آئی)کے سالانہ انتخابات میں یونائٹیڈ بزنس گروپ نے میدان مار لیاجبکہ بزنس مین پینل کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔بدھ کو کراچی میں فیڈریشن ہاؤس میں ہونے والے انتخابات میں ملک بھر سے آئے ہوئے تاجرنمائندوں کا جم غفیر تھا۔پولینگ صبح وقت مقررہ پر شروع ہوئی جو پرسکون ماحول میں شام 5بجے تک جاری رہی۔

فیڈریشن ہاؤس کے لان میں یونائٹیڈ بزنس گروپ اوربزنس مین پینل کے کیمپ لگے ہوئے تھے جہاں دونوں گروپوں کے حمایتی موجود رہے تاہم زیادہ رش یونائٹیڈ بزنس گروپ کے کیمپ میں دکھائی دیا۔یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور چیئرمین افتخار علی ملک سینیٹرالیاس بلور کے ہمراہ ووٹرز کا استقبال کرتے رہے۔

(جاری ہے)

ابتدائی انتخابی نتائج کے مطابق یونائٹیڈ بزنس گروپ نے صدر،سینئرنائب صدر اورنائب صدور کے عہدوں پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی جبکہ اپوزیشن گروپ بزنس مین پینل کا صرف ایک امیدوار ہی نائب صدر منتخب ہوسکا۔

یا درہے کہ برسراقتدار یو نائٹیڈ بزنس گروپ نے فیڈریشن الیکشن میں مسلسل دوسرے سال بھی کامیابی حاصل کی ہے ۔انتخابی نتائج کے مطابق صدر کے عہدے کیلئے یو بی جی کے امیدوار عبدالرؤف عالم نے155 ووٹ حاصل کرکے مولانا فضل الرحمان کے سمدھی سینیٹر حاجی غلام علینے113ووٹ حاصل کرپائے اس طرح مد مقابل امیدوار نے 42ووٹوں کے واضح فرق س ے کامیابی حاصل کی ۔

سینئرنائب صدارت پر یو بی جی کے خالدتواب نے 170ووٹ حاصل کئے جبکہ انکے مقابل بی ایم پی کے ناکام امیدوارتنویرصوفی 99ووٹ حاصل کرسکے۔نائب صدور کیلئے آباد کے چیئرمین اور یو بی جی کے امیدوار محمدحنیف گوہرنے86ووٹ،میاں ارشد فاروق نے100ووٹ،میاں عزیزالرحمان چن90ووٹ،ظفربختاوری102ووٹ،سید محمدعاصم90ووٹ،سندھ سے چیمبرز کی نشست پر ذوالفقار شیخ نے 13ووٹ لے کرکامیابی حاصل کی انکے مقابل عبدالمنان صرف5ووٹ لے سکے۔

اسمال چیمبرز کی سیٹ پر یو بی جی کے جمعہ خان،بلوچستان سے یو بی جی کے فیصل جمال دشتی اور خواتین کی سیٹ پر مسز ساجدہ ذوالفقارکامیاب ہوگئیں۔الیکشن میں بزنس مین پینل کی جانب سے کے پی کے سے نامزد کردہ امیدوار محمد ریاض خٹک کامیاب رہے اس طرح الیکشن میں بی ایم پی صرف ایک ہی سیٹ جیت سکااس طرح گزشتہ انتخابات میں2نائب صدور کے مقابلے میں اپوزیشن گروپ ایک نائب صدارت ہی حاصل کرپایا۔

الیکشن میں ناکا می کے بعد حاجی غلام علی،سلطان چاؤلہ اور انجم نثار نے یو بی جی کے لیڈران کو کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔یو بی جی کے چئیرمین افتخار ملک،سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر ،ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں ادریس، ایس ایم نصیر، سینیٹر عبدالحسیب خان اور سینیٹر الیاس بلور نے کہا کہ یہ جیت ہماری کارکردگی کا نتیجہ ہے۔کاروباری برادری ہماری پالیسیوں سے متفق ہیں اور خدمات کے معترف ہیں۔

وہ ایف پی سی سی آئی میں ہماری اصلاحات اور کرپشن کے خلاف جنگ سے خوش ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی میں چور دروازے ہمیشہ کیلئے بند ہو چکے ہیں۔اس موقع پرایف پی سی سی آئی کے نو منتخب صدرعبدالرؤف عالم نے کہا کہ وہ کاروباری برادری کے اعتماد پر دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہیں۔ وہ یو بی جی کے چئیرمین ایس ایم منیر اور سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر کی رہنمائی میں کاروباری برادری کی ہر ممکن مدد کرینگے۔

انھوں نے کہا کہ نظر انداز شدہ شعبوں اور ویمن چیمبرز کی ترقی کو خصوصی توجہ دی جائے گی جبکہ کاروباری برادری کے ٹیکس و ریفنڈ مسائل کو حل کرنے کیلئے تمام توانائیاں بروئے کار لائی جائینگی۔یو بی جی کے چیئرمین افتخار علی ملک نے کہا کہ جھوٹوں کوگھر بھیج دیا ہے کیونکہ بزنس کمیونٹی نے ایک بار پھریو بی جی پر اعتماد کااظہار کیا،آج کا دن میرے،ایس ایم منیر اور یو بی جی کے ہرفرد کیلئے خوشیوں بھرا دن ہے کیونکہ ہم نے یو نائٹیڈ بزنس گروپ کا جومنشوردیاتھا اس سے پیچھے نہیں ہٹے اور نہ ہی ڈرائنگ رومز میں بیٹھ کربزنس کمیونٹی کو دھوکے میں رکھا بلکہ ہم نے بزنس کمیونٹی کے نمائندوں کو آزادی اظہار کے مواقع دیئے کیونکہ ہم40سال سے جمہوری انداز میں الیکشن جیت کر ہی بزنس کمیونٹی کی خدمت کررہے ہیں۔

یوبی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا کہ مفادپرستوں کو عبرتناک شکست دی ہے اوراﷲ کا شلکر ہے کہ جن لوگوں نے ہم پرجھوٹے الزامات لگائے بزنس کمیونٹی نے انہیں مسترد کردیا۔انکا کہنا تھا کہ ایف پی سی سی آئی کا امیج بہتر بنانے کیلئے کوششیں جاری رہیں گی۔یو بی جی کے ترمان گلزار فیروز نے کہا کہ اض سچ کا بول بالا اور جھوٹوں کا منہ کالا ہوگیا۔زبیرطفیل نے کہا کہ یونائٹیڈ بزنس گروپ کی جیت دراصل پورے پاکستان کے تاجروں اور صنعتکاروں کی جیت ہے