مصباح الحق ، یونس خان کی ٹیمیں قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی

جمعرات 31 دسمبر 2015 11:38

مصباح الحق ، یونس خان کی ٹیمیں قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں آمنے سامنے ..

لاہور (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار31دسمبر- 2015ء) ملکی کرکٹ کے ’’2 بڑے سٹارز‘‘ آمنے سامنے آ گئے ، ملک کے سب سے بڑے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی کے ڈے نائٹ فائنل میں ٹیسٹ کپتان مصباح الحق اور تجربہ کار بلے باز یونس خان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی ۔ تفصیلات کے مطابق فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی کا 5 روزہ ڈے اینڈ نائٹ فائنل یو بی ایل اور سوئی ناردرن کے مابین 3 سے 7 جنوری تک نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائیگا جس میں کوکا بورا پنک گیند استعمال ہوگی ، دونوں ٹیموں کے کپتان بالترتیب یونس اور مصباح ہیں، میچ کا آغاز سہ پہر 2 بجے ہوگا، پہلے دو گھنٹے کھیل کے بعد 20 منٹ چائے کا وقفہ ہوگا ، اس کے بعد اگلے 2 گھنٹے پھر میچ ہوگا ، شام 6.20 سے 7 بجے تک کھانے کا وقفہ جاری رہے گا جس کے بعد آخری سیشن میں 3 گھنٹے میچ ہوگا ۔

(جاری ہے)

پی سی بی نے فائنل مقابلے کے آفیشلز کا اعلان کردیاہے ، احسن رضا اور احمد شہاب فیلڈ امپائرز ہونگے ، خالد محمود سینئر ٹی وی اور امتیاز اقبال ریزور امپائر ہونگے جبکہ انور خان میچ ریفری ہیں ، فائنل کے بعد تقریب تقسیم انعامات ہوگی جس میں 40 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم ہوگی، فاتح سائیڈ کو 25 اور رنرز اپ کو 15 لاکھ روپے ملیں گے، مین آف دی میچ، بیسٹ پلیئر، بہترین بولر اورآل راؤنڈرکو فی کس 50 ہزار روپے ملیں گے ۔ کرکٹ بورڈ نے ٹریننگ کیمپ میں شریک 8 کھلاڑیوں کو قائد اعظم ٹرافی کا فائنل کھیلنے کی اجازت دیدی ، ان کھلاڑیوں میں ون ڈے کپتان اظہر علی ، محمد حفیظ ، صہیب مقصود ، وہاب ریاض ، عمر اکمل ، محمد رضوان ، شرجیل خان اور رومان رئیس شامل ہیں ۔