مزاحیہ امریکی فنکار بل کازبی پر فرد جرم عائد کر دی گئی

جمعرات 31 دسمبر 2015 11:48

مزاحیہ امریکی فنکار بل کازبی پر فرد جرم عائد کر دی گئی

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 دسمبر۔2015ء)امریکی عدالت نے مشہور مزاحیہ فنکار بل کازبی پر سنہ 2004 میں ایک خاتون کو ہراساں کیے جانے کے مقدمے میں بعد فردِ جرم کر دی ہے۔یہ پہلی مرتبہ ہے، جب 78 سالہ کازبی پر کئی ماہ پہلے عائد کیے گئے الزام کے تحت فرد جرم عائد ہوئی ہے۔متاثرہ خاتون ایندرہ کونسٹینڈ نے کہا کہ سابق فنکار نے انھیں گھر مدعو کرنے کے بعد نشہ آور ادویات دیں اور انھیں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

دی کازبی شو میں اچھے والد اور خاندانی ڈاکٹر کے کردار سے شہرت پانے والے بل کازبی پر اس سے قبل بھی درجنوں خواتین نے جنسی زیادتی کے الزامات عائد کیے ہیں لیکن انھوں نے ان الزامات کو مسترد کیا ہے۔رواں ماہ کے آغاز میں انھوں نے الزام عائد کرنے والی ایک خاتون کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی درخواست بھی دی ہے۔

(جاری ہے)

فردِ جرم عائد ہونے کے بعد عدالت سے باہر نکلتے ہوئے کازبی نے کوئی بیان نہیں دیا اور انھوں نے ضمانت کے لیے درخواست بھی دائر کی اور دس لاکھ ڈالر کے عوض اْن کی ضمانت ہوئی ہے۔

یہ دوسری مرتبہ جب متاثرہ خاتون ایندرہ کونسٹینڈ نے بل کازبی کے خلاف درخواست دائر کی ہے۔ 2005 میں ایندرہ کونسٹینڈ نے بل کازبی پر الزام لگایا تھا کہ انھوں نے منشیات دے کر انھیں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ اس خاتون نے ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کروایا تھا لیکن کیس کا عدالت سے باہر ہی تصفیہ کر لیا گیا تھا۔اس مقدمے میں بل نے حلف لیتے ہوئے کہا تھا کہ انھوں نے خاتون کی رضامندی سے اْن کے ساتھ جنسی تعلق قائم کیا۔

جنسی زیادتی کے اس مقدمے پر کارروائی اْس وقت شروع نہ ہوئی جب تک زیادتی کا شکار ہونے والی مزید خواتین نے اپنے بیانات ریکارڈ نہیں کروائے۔ڈسٹرکٹ اٹارنی کیون سیٹل نے کہا کہ’نئی معلومات کی روشنی میں یہ مقدمہ دوبارہ کھولا گیا۔عدالت نے فنکار پر فرد جرم عائد کرنے سے پہلے متاثرہ خواتین کے انٹرویو کیے اور شواہد کا جائزہ لیا۔نیویارک ٹائمز کو ملنے والی معلومات کے تحت بل کازبی نے تسلیم کیا ہے کہ وہ تعلقات قائم کرنے والے خواتین کو وہ نشہ آور ادویات دیتے تھے لیکن ان سب میں خواتین کی رضا مندی شامل ہوتی تھی۔مزاحیہ ٹی وی پروگرام دی کازبی شو جن دنوں شہرت کی بلندیوں پر تھا، اْس دوران کازبی کا شمار امریکہ میں سب زیادہ زیادہ معاوضہ لینے والے فنکاروں میں ہوتا تھا۔