وزیر اعظم نواز شریف نے قومی صحت پروگرام کا افتتاح کر دیا

جمعرات 31 دسمبر 2015 12:15

وزیر اعظم نواز شریف نے قومی صحت پروگرام کا افتتاح کر دیا

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31دسمبر2015ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے اسلام آباد میں قومی صحت پروگرام کا افتتاح کر دیا ، وفاقی دارالحکومت میں ہونے والی تقریب میں وزیر اعظم کے ساتھ وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ، خرم دستگیر ، طارق فضل چودھری ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، مریم نواز شریف بھی موجود تھے ، اس موقع پر وزیر اعظم کو قومی صحت پروگرام کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی گئی ۔

وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر 12 لاکھ خاندانوں کو کارڈز جاری کر دیئے گئے ہیں اس کے علاوہ کوئی بھی مریض اپنے موبائل سے ایک ایس ایم ایس کے ذریعے اردو اور انگلش میں معلومات حاصل کرسکتا ہے ۔ قومی صحت کارڈ ایک خاندان کیلئے جاری کیا جائے گا جس پر پورا خاندان علاج کی سہولت حاصل کرسکتا ہے ، ابتدائی طور پر مریض کو 3 لاکھ روپے تک کے علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی اور اگر مریض کے علاج پر اخراجات 3 لاکھ روپے سے زائد ہوئے تو اس کے اخراجات ادارہ برداشت کرے گا ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ کسی بھی مریض کو علاج کے حوالے سے کسی قسم کی شکایت نہ ہو اور اسے علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں ۔ تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والوں کو امداد فراہم کی جائے گی اور وہ کسی معاوضے کے بغیر اپنا علاج کرا سکیں گے ، اب ایسا نہیں ہوگا کہ کوئی غریب خاندان حیثیت نہ رکھنے پر علاج سے محروم رہ جائے اور اسے گھر کی چیزیں بیچنا پڑ جائیں ، میں نے دیکھا ہے کہ لوگ علاج کیلئے جائیداد بھی بیچ دیتے ہیں ، اب مراعات سے محروم افراد علاج سے محروم نہیں رہیں گے اس کے اخراجات حکومت برداشت نہیں کریں گے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ غریب اور بے سہارا لوگوں کو دور دراز سفر نہ کرنا پڑے اور انہیں ادویات اپنے گھر کے قریب دستیاب ہوں ، میں نے محکمے کو ہدایات جاری کیں کہ کم آمدنی والے افراد کو حکومتی اخراجات پر علاج کی سہولت دی جاسکے ۔ سائرہ افضل تارڑ اور مریم نواز شریف کا شکریہ کہ انہوں نے ذاتی دلچسپی لے کر اس پر کام کیا ، انہوں نے کہا کہ میں نے مختلف اداروں کے ساتھ کام کیا اور ان کے تعاون سے آج یہ پروگرام اپنی تکمیل کو پہنچا ہے ۔

متعلقہ عنوان :