تیسرا ون ڈے ، سری لنکا نے نیوزی لینڈ کے دورے میں پہلی کامیابی سمیٹ لی

جمعرات 31 دسمبر 2015 12:18

تیسرا ون ڈے ، سری لنکا نے نیوزی لینڈ کے دورے میں پہلی کامیابی سمیٹ لی

نیلسن (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار31دسمبر- 2015ء) سری لنکا نے گناتھیلاکا ، دلشان اور تھریمانے کی ذمہ دارانہ بلے بازی کے بدولت نیوزی لینڈ کو تیسرے ون ڈے میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر دورے کی پہلی کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ سیریز کے پہلے دومیچوں میں شکست کے بعد سری لنکا نے تیسرے ون ڈے میچ میں شکست دے کر سیریز کے خسارے کو کم کرکے 2-1 کردیا ۔ کیوی کپتان برینڈن میکولم کی غیر موجودگی میں قیادت کرنے والے کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 276 رنز بنائے ۔

ولیمسن نے 59 رنز بنائے ، ٹام لیتھم 42 اورمچل سینٹنر 38 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے ۔ سری لنکا کی جانب سے نووان پرادیپ، دشمنتھا چامیرا اور جیفری وینڈرسے نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں ۔

(جاری ہے)

277 رنز کا ہدف سری لنکن ٹیم نے باآسانی 47 ویں اوور میں صرف دووکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا ۔ مہمان ٹیم کے اوپنرز نے 98 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، دانوشکا گناتھیلاکا نے 45 گیندوں پر 4 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 65 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی ۔

تلکارتنے دلشان اور تھریمانے نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 107 رنز جوڑے اور اس موقع پر دلشان 91 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے ۔ تھریمانے نے ناقابل شکست 87 رنز بنا کر سری لنکا کو تیسرے میچ میں کامیابی دلا دی جبکہ چندیمل 27 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ اوپنر گناتھیلاکا کو دھواں دھار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو دوٹیسٹ میچوں اور ابتدائی دونوں ون ڈے میچوں میں شکست سے دوچار کیا تھا ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا اگلا میچ 2جنوری کو نیلسن میں ہی کھیلا جائے گا ۔