داعش سے وابستہ سعودی جنگجو ہتھیار ڈال دیں،رعایتی سلوک کیاجائے گا، سعودی عرب

جمعرات 31 دسمبر 2015 13:22

داعش سے وابستہ سعودی جنگجو ہتھیار ڈال دیں،رعایتی سلوک کیاجائے گا، ..

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 دسمبر۔2015ء ) سعودی عرب نے ایک بار پھر عراق میں انتہاپسند گروپوں کے ساتھ مل کر لڑنے والے سعودی جنگجووں سے کہا ہے کہ وہ خود کو حکام کے حوالے کردیں۔بغداد میں متعین سعودی سفیر ثامر السبہان نیگزشتہ روزعرب ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عراق میں انتہاپسند گروپوں کے ساتھ مل کر لڑنے والے سعودی جنگجو خود کو حکام کے حوالے کردیں۔

انھوں نے کہا کہ اگر یہ جنگجو خود کو حکام کے حوالے کردیتے ہیں تو اس امر کو قانونی کارروائی اور ان کے خلاف مقدمے کی سماعت کے دوران ملحوظ رکھا جائے گا۔انھوں نے عراقی فوج کی صوبے الانبار کے دارالحکومت الرمادی کو ''آزاد'' کرانے کے لیے کارروائی کے آغاز سے قبل بھی داعش النصر محاذ سے وابستہ جنگجووں پر زوردیا تھا کہ وہ ہتھیار ڈال دیں اور خود کو حکام کے حوالے کردیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا ہے کہ ان جنگجووں کو گذشتہ برسوں سے خود کو حکام کے حوالے کرنے کے لیے کہا جارہا ہے۔سعودی عرب میں خود کو حکام کے حوالے کرنے اور سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے والوں سے الگ الگ سلوک روا رکھاجاتا ہے اور ان کے خلاف مقدمات کی سماعت کے وقت بھی اس پہلو کو ملحوظ رکھا جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے اپنے گھروں کو لوٹنے والوں کے لیے اپنے بازو کھلے رکھے ہوئے ہیں اور عراق میں سعودی سفارت خانہ انھیں جنگ زدہ علاقوں سے باہر نکلنے اور داعش کی گرفت سے خود کو آزاد کرانے کے لیے ہر طرح کی خدمات مہیا کرنے کو تیار ہے۔