2016کا پہلا تحفہ ،وزیر اعظم کا پٹرول کی قیمت برقرار اور ڈیزل و مٹی کے تیل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

جمعرات 31 دسمبر 2015 13:33

2016کا پہلا تحفہ ،وزیر اعظم کا پٹرول کی قیمت برقرار اور ڈیزل و مٹی کے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 دسمبر۔2015ء )وزیر اعظم نوازشریف نے نئے سال کے موقع پر پٹرول کی قیمت برقرار رکھنے اور ڈیزل و مٹی کے تیل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مفاد عامہ کے کاموں میں سیاست کا قائل نہیں ، قومی خدمت کو سیاست نہیں عبادت سمجھتا ہوں ،قومی صحت پروگرام کا آغاز مسلم لیگ ن کے ایک اور وعدے کی تکمیل ہے ،علاج کی خاطر جائیدادیں بک جاتی تھیں اب ایسا نہیں ہو گا ،خواہش ہے پاکستان کے ہر قصبے اور شہر میں جدید ہسپتال ہوں ،قومی صحت پروگرام کا دائرہ کار 23اضلاع تک بڑھائیں گے ،تین لاکھ روپے کی حد پوری ہونے پر بھی زیر علاج مریضوں کا علاج جاری رہے گا ،عوامی فلاح کے کسی پروگرام کی ناکامی کا آپشن قبول نہیں ،قومی پروگرام میں گڑ بڑ کرنیوالے کسی شخص کو برداشت نہیں کرینگے ، لاہور تا کراچی موٹروے کاافتتاح جلد کر دیا جائیگا ، کراچی میں آپریشن سے حالات بہت بہتر ہوئے ، دہشتگردی کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے ،آنے والے وقت میں تعلیمی اصلاحات بھی شروع کی جائینگی ۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کو قومی صحت پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ اہل وطن کیلئے قومی صحت پروگرام کے آغاز پر خوشی ہے ،خوشی ہے کہ نیشنل ہیلتھ پروگرام کا آغاز کررہا ہوں ، اس پروگرام کا مقصد کم آمدنی والوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہے ، پروگرام کے تحت غریب خاندانوں کی ہیلتھ انشورنس کی سہولت دی جائیگی ، علاج کی خا طر جائیدادیں بک جاتی ہیں اب ایسا نہیں ہوگا ، منشور میں کیے گئے ایک اور وعدے کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں ، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کمزور افراد کو صحت کی مفت سہولیات فراہم کی جائینگی ،قومی صحت پروگرام کا آغاز مسلم لیگ نے کے ایک اور وعدے کی تکمیل ہے ، اب کسی کمزور فرد کو علاج کے لیے قرض نہیں لینا پڑے گا ، پروگرام کے تحت کمزور افراد کے علاج کے اخراجات حکومت برداشت کریگی ، چاہتا ہوں پاکستان کے ہر قصبے اور ہر شہر میں جدید ہسپتال ہوں ، خواہش ہے کہ سب کو علاج معالجے کی معیاری سہولتیں میسر ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ سائرہ افضل تارڑ اور مریم نواز اس پروگرام کیلئے خراج تحسین کی مستحق ہیں ، مشکل حالات کے باوجود نیشنل سروسز کو جامع پروگرام پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔وزیر اعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو برقرار رکھنے کی خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ پٹرول کی قیمت برقرار جبکہ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں کمی کی جائیگی ۔انہوں نے کہا کہ قومی صحت پروگرام سے متعلق گذشتہ کئی ماہ میں اجلاس کیے گئے ، قومی خدمت کو سیاست نہیں عبادت سمجھتے ہیں ،خواہش ہے کہ تمام صوبائی حکومتیں بھی پروگرام میں شامل ہوں ، دکھی انسانیت کے دکھوں کا مداوا کرنا چاہتے ہیں ، قومی صحت پروگرام کا دائرہ کار 23اضلاع تک بڑھائیں گے ، پہلے مرحلے میں 12ضلاع میں صحت پروگرام شروع کیا جا رہا ہے ، خیبر پختونخوا ،سندھ اور بلوچستان کے نادار افراد کی بھی مدد کرنا چاہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ زلزلے کے فوراٰ بعد میں خود چل کر پشاور گیا ، صوبائی حکومت سے کہا کہ متاثرین کی سب کو مل کر مدد کرنی چاہئے ، زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں گیا متاثرین سے ملااور امداد پہنچائی ، زلزلہ متاثرین کی امداد کی طرح یہ اقدام بھی عوامی خدمت ہے ، صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر زلزلہ متاثرین کے 50فیصد امدای رقم وفاق نے دی ۔انہوں نے کہا کہ مفاد عامہ کے کاموں میں کوئی سیاست نہیں ہونی چاہئے ،مثبت اور تعمیری سوچ سے ہی پاکستان کے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ قومی صحت پروگرام میں نادرا کا کردار بھی قابل تعریف ہے پروگرام پر عملدرآمد سٹیٹ لائف ہیلتھ انشورنس سے ہو گا ، قومی صحت پروگرام کے تحت سرکاری اور نجی ہسپتال میں علاج کی سہولت ہو گی ، تین لاکھ روپے کی حد پوری ہونے پر بھی زیر علاج مریضوں کا علاج جاری رہے گا ، پروگرام کے تحت مریضوں کو تین لاکھ روپے کی مدد فراہم کی جائے گی ،خواہش ہے کہ پروگرام جلد چاروں صوبوں میں شروع ہو جائے ، فلاحی ریاست بنانے کے وعدے کی تکمیل کی جانب ایک اور قدم اٹھایا ہے ، معیشت اور تعمیری سوچ سے ہی پاکستان کے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے ، پروگرام کے تحت کینسر ، شوگر ، جگر اور دیگر مہلک امراض کا بھی مفت علاج ہو گا ، مہلک بیماریوں کے علاج کیلئے تین لاکھ روپے تک سہولت دی جائیگی ۔

انہوں نے کہا کہ علاج کی رقم تین لاکھ روپے تجاوز کرنے پر بیت المال مزید تین لاکھ روپے دے گا ، بیت المال کو بھی صحت پروگرام کے لیے خطیر رقم فراہم کی جائے گی ، علاج کے لیے اب امیر اور غریب کی تفریق نہیں جائیگی ، صحت مند معاشرہ ہی صحت مند قوم کی بنیاد بنتا ہے ، صحت کی سہولتیں فراہم کرنا ہمارا فرض ہے صحت پروگرام فرائض کی ادائیگی کی جانب ایک قدم ہے ہسپتالوں کو جدید تکنیکی اور طبی سہولتوں سے آراستہ کرنے کے پروگرام پر بھی عمل کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ قومی صحت کارڈ کا غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ، اسلام آباد سے پروگرام کے آغاز کا مقصد اس کو اچھے طریقے سے جانچنا ہے ، قومی صحت پروگرام کو مزید بہتر بنائیں گے ، عوامی فلاح کے کسی پروگرام کی ناکامی کا آپشن قبول نہیں ۔انہوں نے کہا کہ قومی پروگرام میں گڑ بڑ کرنے والے کسی شخص کو برداشت نہیں کریں گے ، کامیابی اجتماعی کوششوں سے ہی ممکن ہے ، قومی صحت پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے تعاون جاری رکھیں گے ، پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے وزیر مملکت موثر نگرانی کریں ، کوتاہی برتنے والے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی میں آپریشن کے باعث حالات بہتر ہوئے ، جلد دہشتگردی پر مکمل قابو پا لیں گے ۔انہوں نے شکوہ کیا کہ 1998سے لیکر 2013تک کسی حکومت نے موٹر وے پر توجہ نہیں دی ، ہم نے تب بھی موٹروے بنایا اور اب بھی بنا رہے ہیں ، لاہور تا کراچی موٹروے کا جلد افتتاح کر دیا جائیگا ۔