ڈی آئی جی آپریشنز نے تین خواتین کے بچوں سمیت شام جا کر شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ میں شامل ہونیکی اطلاعات کی تصدیق کر دی

پولیس سمیت دیگر حساس ادارے متحرک ،مبینہ طور پر داعش میں شمولیت کیلئے شام جانے والی دو خواتین کے شوہر وں کو حراست میں لے لیا گیا ‘ ذرائع

جمعرات 31 دسمبر 2015 18:11

ڈی آئی جی آپریشنز نے تین خواتین کے بچوں سمیت شام جا کر شدت پسند تنظیم ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 دسمبر۔2015ء) پولیس کے ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے تین خواتین کے اپنے بچوں سمیت شام جا کر شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ میں شامل ہونے کی اطلاعات کی تصدیق کر دی ، پولیس سمیت دیگر حساس ادارے متحرک ہو گئے اور مبینہ طور پر داعش میں شمولیت کیلئے شام جانے والی دو خواتین فرحانہ حامد اور بشریٰ چیمہ عرف حلیمہ آپا کے شوہر وں کو حراست میں لے کر تحقیقات کیلئے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ۔

بی بی سی کے مطابق پاکستان کے صوبہ پنجاب کے درالحکومت لاہور میں پولیس نے تین خواتین کے اپنے بچوں سمیت شام جا کر شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ میں شامل ہونے کی اطلاعات کی تصدیق کر دی ہے۔ان افراد کے اغوا ء کی ایف آئی آر چند ماہ قبل ٹاؤن شپ، وحدت کالونی اور ہنجروال کے تھانوں میں درج کروائی گئی تھیں تاہم اب پولیس کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو یہ معلومات ملی ہیں کہ یہ لوگ کراچی اور گوادر کے راستے ایران سے شام گئے ہیں تاکہ دولت اسلامیہ میں شامل ہو سکیں۔

(جاری ہے)

لاہور کے ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے بی بی سی کو بتایا کہ پولیس کے پاس تو ان کے اغوا ء کی ایف آئی آر درج تھی لیکن اب ان میں سے کچھ خواتین کا رابطہ اپنے گھر والوں سے ہوا ہے جنہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو یہ اطلاع دی ہے کہ وہ اغوا ء نہیں ہوئیں بلکہ اپنی مرضی سے شام گئی ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ محکمہ انسداد دہشت گردی کی مزید تفتیش سے انکشاف ہوا ہے کہ یہ خواتین کراچی اور گوادر کے راستے ایران سے شام گئیں تاکہ داعش کے لیے کام کر سکیں۔

علاوہ ازیں میڈیا میں خبریں آنے کے بعد پولیس سمیت دیگر حساس ادارے متحرک ہو گئے ہیں اورلاہور کے علاقوں جوہر ٹاؤن ،ہنجر وال اور وحدت کالونی میں ان خواتین کے رابطوں اور دیگر سر گرمیوں کے بارے میں پوچھ گچھ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق جوہر ٹاؤن سے اپنے پانچ بچوں کے ہمراہ جانے والی خاتون بشریٰ چیمہ عرف حلیمہ آپا کے گھر پر بھی تالے لگے ہوئے ہیں ۔

حساس اداروں نے ان کے شوہر خالد حبیب چیمہ کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ وحد ت روڈ سے جانے والی خاتون فرحانہ حامد کے شوہر مہر حامد کو بھی حراست میں لے کر نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر شدت پسند تنظیم میں شمولیت کے لئے شام جانے والوں کے موبائل فون ڈیٹا اکٹھا کیا جارہا ہے جس سے مزید حقائق سامنے آئیں گے ۔

متعلقہ عنوان :