گزشتہ سال حکومت نے امن کاتحفہ دیا، اس سال مزید خوش خبریاں دیں گے،علی اکبر گجر رہنماء (ن) لیگ سندھ

جمعرات 31 دسمبر 2015 19:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 دسمبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ 2016ء ملک اور قوم کیلئے خوشیوں اور ترقی کا سال ہوگا۔2015ء عوام کی فتوحات اور امن کا سال تھا جس میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے قوم کو امن اور معاشی ترقی کے تحفے دئیے، نئے سال میں انشااﷲ حکومت عوام کو مزید خوش خبریاں دے گی اور جمہوریت اورمعیشت کی ترقی کا جاری سفر مزیدتیزہوگا۔

انہوں نے عوام کو نئے سال کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ کی حکومت نے برسراقتدار آتے ہی ملکی معیشت کی ڈگمگاتی کشتی کو سنبھالادے کربھنور سے نکالااور ایسی مثبت اورٹھوس معاشی پالیسیاں دیں کہ جن کے طفیل ملک میں ترقی کا سفرتیز ترین ہوااور پاکستان کا دنیا میں اعتباربحال ہوا۔

(جاری ہے)

اب امریکہ ہو یا یورپ یا پڑوسی ملک بھارت پاکستان کی اہمیت کو تسلیم کرنے پرمجبور ہیں۔

اس کا سارا کریڈٹ قائدجمہوریت میاں محمد نوازشریف اور ان کی مخلص ٹیم کو جاتا ہے جنہوں نے سیاسی اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر قومی ترقی کے لئے دن رات ایک کردیا۔ انہوں نے کہا کہ 2015ء پرنظردوڑائی جائے تو پورے سال میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے اپوزیشن کی طرف سے شدیدرکاوٹوں،الزام تراشی اور ناروااحتجاجی مہم کے باوجودعوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا اور قوم کو میٹرو، موٹرویز ،غیرمعمولی کسان پیکج ، ہیلتھ پیکج کے علاوہ کئی دوررس نتائج کے حامل منصوبے دئیے جن کی وجہ سے ملک آنے والے دنوں میں ایک مثالی ملک کے طورپرابھرکرسامنے آئے گا۔

علی اکبرگجر نے کہا کہ حکومت توانائی کے بحران پرقابوپانے کے لئے بھی تہہ دل سے کوشاں ہے اور وزیراعظم نے قوم سے وعدہ کیا ہے کہ 2018ء توانائی کے بحران کے خاتمہ کا سال ہوگا۔اب تک مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے عوام سے جو بھی وعدے کئے تھے ، سب پورے کئے ہیں اور انشاﷲ توانائی کے بحران کو ختم کرنے کے لئے حکومتی کوششیں رنگ لائیں گی اور جلد ملک سے اندھیرے ختم کرکے گاؤں گاؤں روشنیاں پھیلائی جائینگی۔

متعلقہ عنوان :