معتمرین کی جوق در جوق حاضری، ہوٹل کچھا کچھ بھر گئے

عمرہ سیزن کے دوران 60 لاکھ سے زائد معتمرین کی آمد، سابق ریکارڈ ٹوٹنے کا امکان

جمعرات 31 دسمبر 2015 19:58

معتمرین کی جوق در جوق حاضری، ہوٹل کچھا کچھ بھر گئے

مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 دسمبر۔2015ء)رواں ہفتے کے دوران عمرہ ادا کرنے کی غرض سے اﷲ کے مہمانوں کی بڑی تعداد مکہ مکرمہ پہنچی ہے جس کی وجہ سے شہر کے تمام ہوٹلوں جام پیک ہو گئے۔ شہر مقدس کے اندر غیر معمولی تعداد میں معتمرین کی آمد کی وجہ سے ہزاروں افراد مسجد الحرام کے صحن اور ملحقہ گلیوں میں نماز باجماعت ادا کرتے دیکھے گئے ہیں۔

عرب ٹی وی کے مطابق پنچ تارہ اور فور سٹار ہوٹل عمرہ کے غیر معمولی رش کی وجہ سے ایک رات کا کرایہ 550 سعودی ریال جبکہ چھوٹے ہوٹل معمولی سروسز کے ساتھ ایک رات کا کرایہ 220 ریال چارج کیا جا رہا ہے۔اذان سے ایک گھنٹہ قبل مسجد الحرام پہنچنے والے نمازیوں کو بھی جگہ کم ہونے کے سبب مسجد کے صحن یا اجیاد سٹریٹ اور جبل الکعبہ روڈ پر نماز پڑھتے دیکھا گیا۔

(جاری ہے)

اﷲ کے مہمانوں کی بڑی تعداد کا تعلق انڈونیشیا، ملائیشیا، مصر، سنگاپور، فلپائن، بھارت، سری لنکا، ہمسایہ عرب ممالک اور پاکستان سے ہے۔ ایک ہوٹل مالک کا کہنا ہے کہ چھٹیوں کی وجہ سے مقامی افراد نے بھی مکہ کا رخ کیا ہے اور وہ سب مسجد الحرام میں ہی نماز پڑھتے ہیں۔دارلحکومت ریاض کے عمرہ حج آپریٹرز نے ویک اینڈ عمرہ پیکج 250 ریال سے کم کر کے 100 ریال کر دیا ہے تاکہ چھٹیوں میں عمرہ ادائیگی کے زیادہ سے زیادہ خواہش مند ان کی سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکیں ۔

ریاض سے مکہ لگڑری کوچ کا کرایہ 100 ریال ہے جبکہ اضافی 50 ریال ادا کر کے زائرین مدینہ منورہ بھی جا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ مزید 100 ریال دینے کی صورت میں چار ستارہ ہوٹل میں قیام کی سہولت بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔وزیر حج بندر حجار کا کہنا ہے کہ ہم نے تخمینہ لگایا تھا کہ اس عمرہ سیزن کے دوران 60 لاکھ سے زائد فرزندان توحید مکہ آئیں گے جو گذشتہ برسوں کے مقابلے میں عمرہ ادا کرنے والوں کی تعداد سے کہیں زیادہ ہے۔ ہم نے اس سلسلے میں تمام تیاریاں کرلی ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے تمام وزارتی عملہ معتمرین کی خدمت پر مامور کر رکھا ہیتاکہ اﷲ کے مہمانوں کو دوران عمرہ تمام سہولیات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔