محمد عامر کی قومی ٹیم میں شمولیت میں حائل تمام رکاوٹیں دور ،نیوزی لینڈ سفارتخانے نے ویزہ جاری کر دیا

جمعرات 31 دسمبر 2015 20:56

محمد عامر کی قومی ٹیم میں شمولیت میں حائل تمام رکاوٹیں دور ،نیوزی لینڈ ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 دسمبر۔2015ء)سپاٹ فکسنگ سکینڈ ل میں سزا پوری کرنے والے فاسٹ باؤلر محمد عامر کی قومی ٹیم میں شمولیت میں حائل تمام رکاوٹیں دور ہو گئیں ،فاسٹ باؤلر کو دورہ نیوزی لینڈ کے لئے قومی ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے جبکہ نیوزی لینڈ کے سفارتخانے نے فاسٹ باؤلر کو ویزہ بھی جاری کر دیا ہے ۔ جمعرات کو ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ کے سفارتخانے نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی ضمانت پر فاسٹ باؤلر محمد عامر کو ویزہ جاری کر دیا ، واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے امیگریشن قوانین کے مطابق کسی بھی قسم کی کرپشن میں سزا یافتہ شخص کو نیوزی لینڈ کا ویزہ جاری نہیں کیا جاتا جب تک کوئی اور شخص یا ادارہ سزا یافتہ شخص کی ضمانت نہ دے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے قانونی ماہرین سے طوریل مشاورت کے بعد فاسٹ باؤلر محمد عامر کو قومی ٹیم میں شامل کرنے کا عندیہ دیاتھا جس کے بعد پی سی بی کی ضمانت کے ساتھ فاسٹ باؤلر کے ویزے کے لئے درخواست دی گئی تھی ، دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر نے بھی فاسٹ باؤلر کو دورہ نیوزی لینڈ کے لئے منتخب کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ قومی کرکٹ کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے اپنے ایک انٹرویو میں محمد عامر کو دورہ نیوزی لینڈ کے لئے قومی ٹیم میں شامل کرنے کی بھر پور حمایت کی ہے اور کہا ہے کہ میں فاسٹ باؤلر کی قومی ٹیم میں واپسی پر بہت زیادہ پر جوش ہوں ۔