پاک بحریہ اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی ماحول کے تناظر میں؂ بحری سرحدوں کے تحفظ کیلئے پوری طرح تیار ہے،موثر اور مضبوط بحریہ ملکی مفادات کے تحفظ کیلئے نہایت اہم ہے،آپریشنل اہداف کا کامیاب حصول قابل تحسین ہے

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکا ء اﷲ کا پاکستان نیوی فلیٹ کمانڈ کی سالانہ ایفشنسی کمپٹیشن پریڈ اور ایوارڈ ز کی تقریب سے خطاب

جمعرات 31 دسمبر 2015 21:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 دسمبر۔2015ء ) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکا ء اﷲ نے کہاہے کہ پاک بحریہ مختلف اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی ماحول کے تناظر میں ملک کی بحری سرحدوں کے تحفظ کے لیے پوری طرح تیار ہے،موثر اور مضبوط بحریہ پاکستان کی بحری خود مختاری اور مفادات کے تحفظ کے لیے نہایت اہم ہے، آپریشنل اہداف کا کامیاب حصول قابل تحسین ہے ۔

وہ جمعرات کوپاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں پاکستان نیوی فلیٹ کمانڈ کی سالانہ ایفشنسی کمپٹیشن پریڈ اور ایوارڈ ز کی تقریب برائے سال 2015ء سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل محمد ذکا ء اﷲ نے تما م آپریشنل اہداف کے کامیاب حصول پر پاکستان نیوی فلیٹ کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک موثر اور مضبوط بحریہ پاکستان کی بحری خود مختاری اور مفادات کے تحفظ کے لیے نہایت اہم ہے۔

انہوں نے پاکستان نیوی فلیٹ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے بالخصوص اس سال کے آغاز میں جنگ سے متاثرہ ملک یمن میں محصور پاکستانی اور غیر ملکی شہریوں کے انخلا ء میں فلیٹ یونٹس کی کاوشوں کو سراہا۔ نیول چیف نے کہا کہ پاکستان نیوی فلیٹ یونٹس کا یہ کامیاب آپریشن پاکستان نیوی کی دور تک رسائی کا واضح اظہار تھا جسے نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا۔

پاکستان نیوی کی کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے ایڈمرل محمد ذکاء اﷲ نے کہا کہ پاک بحریہ شمالی بحیرۂ عرب اور خلیج عدن میں کثیر القومی بحری اتحاد اور بحری قذاقی کے خلاف کوششوں میں مسلسل حصہ لے کر خطے میں امن و استحکام کی حکومتی پالیسی کو کامیاب بنانے میں موثر کردار ادا کررہی ہے۔ اسی کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ مختلف اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی ماحول کے تناظر میں ملک کی بحری سرحدوں کے تحفظ کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

قبل ازیں اپنے خطبہء استقبالیہ میں کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل سید عارف اﷲ حسینی نے سال 2015ء کے دوران پاکستان نیوی فلیٹ کی آپریشنل کامیابیوں کا جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ اہم بحری مشق سی اسپارک۔2015کے کامیاب انعقاد کے ساتھ ساتھ پاکستان نیوی فلیٹ یونٹس نے سال گذشتہ کے دوران متعدد کثیرالقومی اور دوطرفہ مشقوں اور آپریشنز میں بھر پور حصہ لیا۔

بعد ازیں چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکا ء اﷲ نے سال 2015ء کے دوران اپنے اپنے متعلقہ شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فلیٹ یونٹس میں انعامات تقسیم کیے ۔ تقریب میں پاک بحریہ کے سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسروں اورجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اﷲ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ واضح رہے کہ پاکستان نیوی فلیٹ کمانڈ ہر سال کے اختتام پر ایفیشنسی کمپٹیشن پریڈ کا باقاعدگی سے انعقاد کرتی ہے جس میں پورے سال کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فلیٹ یونٹس میں ایفیشنسی شیلڈز تقسیم کی جاتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :