خدا کرے2016ملکی ترقی ، قومی خوشحالی اور عالمی امن و مسلم اُمہ کے باہمی اتحاد کا سال ثابت ہو،صدیق الفاروق

تمام پاکستانی متحد ہو کر دہشت گردی سمیت دیگر مسائل کے خاتمہ کیلئے حکومت اور پاک فوج کا ساتھ دیں ، چیئرمین متروکہ وقف بورڈ

جمعہ 1 جنوری 2016 20:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم جنوری۔2016ء) متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین صدیق الفاروق نے کہا ہے کہ خدا کرے2016ملکی ترقی ، قومی خوشحالی اور عالمی امن و مسلم اُمہ کے باہمی اتحاد کا سال ثابت ہو اور تمام پاکستانی متحد ہو کر دہشت گردی سمیت دیگر مسائل کے خاتمہ کیلئے حکومت اور پاک فوج کا ساتھ دیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بورڈ آفس میں سال 2016کے آغاز پر کیک کاٹنے اور دعائیہ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ممبر بورڈ کرنل (ر) مبشر جاوید ، ہندو رہنما ڈاکٹر منورچاند، سیکرٹری بورڈ اکرام الحق، ایڈیشنل سیکرٹری خالد علی، ڈپٹی سیکرٹری محمد بوٹا،پی آراو عامر حسین ہاشمی، پروٹوکول اسسٹنٹ گلریز چوہدری،ایڈمنسٹریٹر لاہور عظمہ شہزادی ، منیر احمد بھٹی ، سیکرٹری ایجو کیشن نسرین مہدی، یاسر اکرم سمیت اقلیتی رہنماوٴں، افسران و ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، چیئرمین بورڈ نے مزید کہا کہ تمام سیاست دان اور اداروں کے سربراہ اپنے ذاتی مفادات بھلا کر ملکی ترقی و قومی خوشحالی کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم میاں نواز شریف ملک و قوم کے ساتھ انتہائی مخلص ہیں اور وہ دہشت گردی ، لوڈشیڈنگ ، غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری کے جلد از جلد خاتمہ سمیت تعلیم صحت روزگار اور عوام ِ عامہ کی بہتری و استحکام کیلئے دن رات مصروف عمل ہیں اور انکی قیادت میں آئینی و جمہوری تسلسل جاری و ساری رہے گا اور خوشحالی کے نئے منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچے گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انسانیت کے ناطے ہندو ، سکھ اور مسیحی ہمارے بھائی ہیں،میں ٹرسٹ بورڈ کے ملازمین کیلئے رہائشی اپارٹمنٹس بنانے اور ادارہ کو منافع بخش بنانے سمیت اس کو درپیش اہم مسائل جلد ازجلد حل کرنے کیلئے کوشاں ہوں اور سال 2016انشاء اللہ مجھ سمیت میر ی حکومت کے نیک ارادوں اور وعدوں کی تکمیل کا سال ثابت ہو گا۔ آخر میں انہوں نے عالمی امن اور دنیا بھر کے مسلمانوں کی جان و مال کی حفاظت سمیت ملک پاکستان اور پاکستان میں بسنے والے ہر شہری کی ترقی ، صحت، سلامتی، خوشحالی ، دہشت گردی کے خاتمے ، امن کی بحالی اور وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کے عوامی ویژن کی کامیابی اور دہشت گردی کا نشانہ بننے والے شہدا ء کیلئے خصوصی دعاء کروائیں ۔

متعلقہ عنوان :