لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس،ریجنل کرکٹ ٹورنامنٹ کے حوالے سے تفصیلی بات چیت

قومی ون ڈے ٹورنامنٹ کیلئے کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس کو بہتر بنانے کے فاسٹ ٹریک پروگرام پر کام جاری ہے، محمد شعیب ڈار

جمعہ 1 جنوری 2016 22:23

لاہور۔یکم جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم جنوری۔2016ء) لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس گزشتہ روز صدر لاہور ریجن خواجہ ندیم احمد کی زیر صدارت ایل آرسی اے میں منعقد ہوا جس میں اراکین محمد شعیب ڈار سیکرٹری، میاں محمد مبین خازن، مسعود انور صدر نارتھ زون اور نواب منصور حیات سیکرٹری ویسٹ زون نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد سیکرٹری ایل آرسی اے محمد شعیب ڈار نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ اجلاس میں کرکٹ کی بہتری کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے ہیں جس سے لاہور ریجن کی کرکٹ میں نمایاں اور مثبت تبدیلی نظر آئے گی اس کے علاوہ قائداعظم ٹرافی میں لاہور بلیوز کی ٹیم میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو انعامات دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس سے ان کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

(جاری ہے)

محمد شعیب ڈار نے مزید بتایا کہ قومی ون ڈے ٹورنامنٹ کے لیے لاہور کا تربیتی کیمپ پہلے سے جاری ہے جس میں کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس کو بہتر بنانے کے لیے فاسٹ ٹریک پروگرام پر کام جاری ہے جبکہ قومی ون ڈے ٹورنامنٹ کے لیے لاہور ریجن وائٹس اور بلیوز کے منیجرز کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ لاہور وائٹس کے لیے ملک زاہد محمود جبکہ لاہور بلیوز کے لیے ملک شکیل یا ندیم احمد کومنیجر کی ذمہ داری سونپی جائے گی، اجلاس میں ریجنل کرکٹ ٹورنامنٹ کے حوالے سے بھی تفصیلی بات ہوئی ہے اور یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے تحریری رہنمائی حاصل کرنے کے بعد ریجنل کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا، اس کے علاوہ زونل کرکٹ چیمپین شپ منعقد کرانے کے لیے پی سی بی کو زونز کی مالی امداد کے لیے خط لکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے کیونکہ زونل چیمپین شپ منعقد کرنے کے لیے کم ازکم پندہ لاکھ تک کے اخراجات ہوتے ہیں جن کو زونز اکیلے برداشت کرتے ہیں ،علاوہ ازیں ریجن کے معاملات کو خوش اسلوبی اور شفاف انداز سے چلانے کے لیے ایگزیکٹو کمیٹی کا ماہانہ اجلاس بلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے اور ایل سی سی اے کے تمام تر معاملات ایگزیکٹو کمیٹی میں حل کیے جائیں گے۔

تمام قومی کرکٹ ٹورنامنٹس کے لیے ٹیم کے انتظامی امور میں بھی تبدیلی کر دی گئی ہے۔ آئندہ تمام ایونٹس میں سلیکٹرز کی ابتدائی سلیکشن کے بعد چودہ یا پندرہ رکنی سکواڈ کا انتخاب ایگزیکٹو کمیٹی خود کرے گی جبکہ حتمی گیارہ کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے تین رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہے جس میں ٹیم منیجر، کوچ اور کپتان شامل ہوگا ،ٹیم منیجر کمیٹی کا چےئرمین جبکہ کوچ اور کپتان ارکان ہوں گے ۔

ایل آرسی اے گراؤنڈ میں مصنوعی روشنیوں کی تنصیب کی منظوری پر حکومت پنجاب اور صدر لاہور ریجن کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا۔ لاہور ریجن کے ملازمین کی تنخواہوں کا معاملہ بھی زیر بحث آیا اور فیصلہ کیا گیا کہ ملازمین کی سالانہ انکریمنٹ کے لیے پی سی بی کو خط لکھ کر یہ معاملہ اٹھایا جائے گا ،اگر پی سی بی نے ملازمین کی تنخواہوں میں سالانہ اضافہ نہ کیا تو لاہور ریجن خود ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کر ے گا۔ ایگزیکٹو کمیٹی کا آئندہ ا اجلاس 4جنوری کو شام 4بجے طلب کیا گیا ہے جس میں قومی ایک روزہ ٹورنامنٹ کے معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی

متعلقہ عنوان :