جنر ل ہسپتال کو مثالی مریض دوست ادارہ بنایا جائے گا، پروفیسر خالد محمود

جمعہ 1 جنوری 2016 22:29

لاہور۔یکم جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم جنوری۔2016ء)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے سال نو کے آغاز پر ادارہ پی جی ایم آئی، امیرالدین میڈیکل کالج و ایل جی ایچ کے ڈاکٹرز و طلبہ اور دیگر ملازمین کے نام اپنے مبارکباد کے پیغام میں کہا ہے کہ نئے سال کے دوران جنرل ہسپتال کوجدید طبی سہولیات سے آراستہ ایک جدید علاج گاہ میں بدلنے اور امیر الدین میڈیکل کالج کو طبی تعلیم کانمبر ون ادارہ بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح2016ء کے دوران بھی یہ ادارے انسانی صحت اوربیماریوں کے علاج کے حوالے سے اپنی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور دکھی انسانیت کی خدمت کامعیار بلند سے بلند تر کرنے کی جدوجہد جاری رکھی جائے گی ۔

(جاری ہے)

جنر ل ہسپتال کوآئیڈیل مریض دوست ادارہ اورامیرالدین میڈیکل کالج کومثالی درسگاہ بنادیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی میڈیکل ٹیم کا ”ماٹو“ قیمتی انسانی جانوں کوبچانے اور امراض سے بچاؤکیلئے علاج معالجے کی ہر حد تک جاناہے ۔

نئے سال کے دوران خدمات کا سلسلہ میڈیکل تعلیم کے شعبے میں درس و تدریس کے میدان میں بھی جاری رہے گا۔انہوں نے اس توقع کا اظہار بھی کیا کہ 2016کے دوران جنرل ہسپتال میں زیر تعمیر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کا منصوبہ بھی مکمل ہو جائے گا اور وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اپنے مبارک ہاتھوں سے اس کا افتتاح کریں گے۔ ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ جنرل ہسپتال کی انتظامیہ نے ڈینگی اور پولیو کے خلاف جنگ سے لے کر دماغی امراض کے علاج تک ہرطبی شعبے میں ہمیشہ شاندار کارکردگی دکھائی ہے اسی طرح ہسپتال سے منسلک امیر الدین میڈیکل کالج نے اپنے اولین نتائج میں ہی صوبے بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے اپنے شاندار مستقبل کی نوید سنا دی ہے ۔

ادارے کی کارکردگی اس امر کا واضح پیغام ہے کہ آنے والے برسوں میں اس کالج سے فارغ التحصیل طلبا و طالبات بنی نوع انسان کی خدمت کے نئے باب رقم کریں گے اور شہریوں کیلئے علاج معالجے کی سہولیات کا معیار مزید بلند ہو گا۔