گلوکارعدنان سمیع خان کے بعد بھارت مزید 22پاکستانیوں کو شہریت دی

Umer Jamshaid عمر جمشید ہفتہ 2 جنوری 2016 11:39

گلوکارعدنان سمیع خان کے بعد بھارت مزید 22پاکستانیوں کو شہریت دی

نیودہلی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 02 جنوری۔2015ء) گلوکارعدنان سمیع خان کو شہریت دینے کے بعد بھارت مزید 22پاکستانیوں کو شہریت دے گا 6 ماہ قبل بریلی میں مقیم 40پاکستانیوں نے بھارتی شہریت کے لئے درخواستیں دی تھیں جن میں سے 22کی منظوری ریاستی حکومت کی طرف سے دی جا چکی ہے اب ان کی فائلیں حتمی منظوری کیلئے مرکزی حکومت کو بھیجی گئی ہیں،بھارتی شہریت کیلئے درخواست گزاروں میں زیادہ تر پاکستانی خواتین ہیں۔

بھارتی جریدے کے مطابق درخواست گزاروں میں زیادہ تر وہ پاکستانی خواتین ہیں جن کا بنیادی تعلق تو بھارت سے تھا اور شادی کے بعد پاکستان چلی گئی جہاں ان کی شادیاں کامیاب نہ ہوسکیں اور وہ بھارت لوٹ آئیں۔ان میں ایسی پاکستانی خواتین بھی شامل ہیں جن کی بھارتی شہریوں سے شادیاں ہوئیں اور شادی کے بعد وہ بھارت آئیں لیکن انہیں طلاق کے بعد پاکستان لوٹنا پڑتا تھا۔

(جاری ہے)

ان میں سے اکثریت نے دوبارہ بھارتی شہریوں سے شادی کی اور بھارت میں قیام کیلئے بار بار ویزے کی تجدید کراتی ہیں اس کے ساتھ انہوں نے بھارتی شہریت کے لیے درخواست بھی دے رکھی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستانیوں کو بھارتی شہریت دینے کی پیشرفت ریاستی حکومت کی جانب سے جاری ہدایات کے پس منظر میں سامنے آئی ہے جس میں پرنسپل سیکرٹری داخلہ کی طرف سے بریلی، آگرہ، علی گڑھ، کانپور اور سہارنپور کے ضلعی مجسٹریٹوں اور پولیس سربراہان کو ہدایات کی گئی تھی کہ وہ خصوصی کیمپ قائم کریں اور ان ضلعوں میں قیام پذیر پاکستانی شہریوں کے مسائل کا جائزہ لیں جنہوں نے بھارتی شہریت کیلئے درخواست دے رکھی ہیں لیکن انہیں حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

مقامی انٹیلی جنس یونٹ کے پولیس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ نگیندرا چترویدی نے تفصیلات کا اشتراک کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے جولائی میں خصوصی کیمپ قائم کیا تھا جہاں بریلی میں 7برس سے زیادہ عرصے سے قیام پذیر 40پاکستانیوں نے متعلقہ دستاویزات کے ساتھ شہریت کی درخواست دی تھی۔ انہوں نے وہ فائلیں ریاستی حکومت کو بھیج دیں تھیں جس کی جانچ پڑتال کے بعد22پاکستانیوں کو شہریت دینے کی منظوری دی گئی۔

اب چند دن میں انہیں بھارتی شہریت دے دی جائے گی۔ گزشتہ روز کراچی کی رہائشی افشین مرتضیٰ کو21سال کی طویل جدوجہد کے بعد بھارتی شہریت دی گئی ،افشین کی 1994ء میں رامپور کے شہری مرتضیٰ خان سے شادی ہوئی تھی۔ 15اور 16جولائی کو قائم خصوصی کیمپ میں بھارتی شہریت کیلئے درخواست دینے والوں میں 35پاکستانی خواتین تھیں اور صرف 5 پاکستانی مرد تھے۔ان میں سے 14کے پاس پاکستانی ویز ے تھے۔ان کی بھارتی شہریت کے دعویٰ پر غور کے لئے فائلیں بھارتی حکومت کو بھیجی گئیں۔

متعلقہ عنوان :