فخر پاکستان علیم ڈار آج بطور امپائر ٹیسٹ میچز کی سنچری مکمل کر لیں گے

ہفتہ 2 جنوری 2016 11:57

فخر پاکستان علیم ڈار آج بطور امپائر ٹیسٹ میچز کی سنچری مکمل کر لیں گے

لاہور (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار2 جنوری- 2016ء) آئی سی سی ایلیٹ پینل کے علیم ڈار آج بطور امپائر ٹیسٹ میچوں کی سنچری مکمل کر لیں گے ، چیئرمین پی سی بی شہر یار خان نے انہیں پیشگی مبارکباد دے دی ہے ۔ امپائرنگ میں پاکستان کی پہچان بننے والے علیم ڈار آج سے شروع ہونے والے انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے ٹیسٹ میچ کو آفیشیٹ کر کے سنچری مکمل کر لیں گے ۔

بطور امپائر علیم ڈار کا آج 100واں ٹیسٹ میچ ہو گا اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے تیسرے امپائر بن جائیں گے ۔

(جاری ہے)

علیم ڈار سے قبل سو یا اس سے زائد ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کرنے والوں میں ویسٹ انڈین لیجنڈ سٹیو بکنر اور جنوبی ا فریقہ کے روڈی کوئرٹزن شامل ہیں ۔ بطور پاکستانی اس سنگ میل تک پہنچنے پر چیئرمین پی سی بی شہر یار خان نے علیم ڈار کو پیشگی مبارکباد کا پیغام دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ علیم ڈار نے اس اعزاز کے ساتھ پاکستان کا نام اور بلند کر دیا ہے۔ علیم ڈار 100 ویں ٹیسٹ کے علاوہ 178 ون ڈے اور 35 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل بھی آفیشیئٹ کر چکے ہیں ، وہ 2009ء سے مسلسل 3 سال تک آئی سی سی امپائر آف دی ایئر کا ایوارڈ حاصل کرنے کا کارنامہ بھی انجام دے چکے ہیں ۔