خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے ہوم ورک شروع کر دیا ،اقتدار میں آکر بلا تاخیر عملدرآمد کیا جائیگا‘ ملکی ترقی میں کردار ادا کرنے کیلئے خواتین کو بھی مردوں کی طرح تمام شعبوں میں آسان شرائط پر قرضے دئیے جائیں

تحریک انصاف شعبہ خواتین ونگ کی رہنما مسرت جمشید چیمہ کی وفدسے ملاقات کے دوران گفتگو

ہفتہ 2 جنوری 2016 16:33

لاہور((اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 جنوری۔2016ء))تحریک انصاف شعبہ خواتین ونگ کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ اپنے حقوق حاصل کرنے کیلئے خواتین کو متحد ہوکر طاقت بننا ہوگا ،پی ٹی آئی خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے اپنا ہوم ورک کر رہی ہے انشااللہ اقتدار میں آکر اس پر بلا تاخیر عملدرآمد کیا جائے گا۔گزشتہ روز پارٹی دفتر میں مختلف شعبوں سے وابستہ خواتین کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے مسرت چیمہ نے کہا کہ اگر پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنا ہے تو اس کے لئے خواتین کو نظر انداز کرنے کی پالیسی کو ترک کرنا ہوگا اور پی ٹی آئی اس کے لئے بھرپور آواز بلند کر رہی ہے ۔

خواتین کسی بھی شعبے میں مردوں سے پیچھے نہیں اور ہر شعبے میں مقام پیدا کر کے اس کا عملی ثبوت بھی دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ مردوں کی طرح خواتین کو بھی تمام شعبوں میں آسان شرائط پر قرضے دئیے جائیں تاکہ وہ اپنے پاؤں پرکھڑا ہو کر نہ صرف اپنے خاندان بلکہ ملک کی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی خواتین کو ہر شعبے میں نمائندگی دینے کی حامی ہے ۔ان کی اہلیت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے پی ٹی آئی ہوم ورک کر رہی ہے اور انشا اللہ پی ٹی آئی کے دور میں خواتین کاملک کی ترقی میں کلیدی کردار ہوگا۔