اپنی گلوکاری کو وقت نہیں دے پا رہی‘پریانکاچوپڑا

اپنے گلوکاری کے کریئر کو صحیح انداز سے وقت نہیں دے پارہی ‘اداکارہ

اتوار 3 جنوری 2016 11:28

اپنی گلوکاری کو وقت نہیں دے پا رہی‘پریانکاچوپڑا

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 جنوری۔2016ء)بالی ووڈ اداکارہ اور گلوکارہ پریانکا چوپڑا اس وقت اپنے امریکی سیریل ’کوانٹیکو‘ اور بولی وڈ فلم ’باجی راوٴ مستانی‘ کے باعث خبروں میں اتنی نمایاں ہیں کہ کسی کو یاد بھی نہیں کہ وہ ایک گلوکارہ بھی ہیں-ہندوستان ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے پریانکا کا کہنا تھا کہ وہ اپنے گلوکاری کے کریئر کو صحیح انداز سے وقت نہیں دے پارہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا ’ایمانداری سے بتاوٴں تو گلوکاری آج کل پسِ پشت ہے، میں اسٹوڈیو میں وقت گزارنے اور وہاں گلوکاری کرنے کو یاد کرتی ہوں۔ مجھے امید ہے کہ میں جلد گلوکاری دوبارہ شروع کر سکوں، لیکن اس وقت میں اپنے شو اور فلموں کو گلوکاری پر ترجیح دے رہی ہوں۔ مجھے امید ہے کہ ان کے درمیان وقت ملا تو میں گلوکاری میں بھی کچھ کروں گی۔

(جاری ہے)

ہو سکتا ہے کہ امریکی ٹی وی سیریل ’کوانٹیکو‘ کا ایک اور سیزن بھی پیش کیا جائے، تو کیا ایسا ہونے پر پریانکا بولی وڈ میں بھی کم نظر آئیں گی؟اس متعلق پریانکا کا کہنا تھا کہ مجھے ہندی فلمیں بے حد پسند ہیں، اور ان میں کام کیے بغیر میں خود کو ایک اداکار تصور نہیں کر سکتی۔

شاید اس ہی لیے لوگ مجھے دیسی گرل بلاتے ہیں۔ میری ترجیح ہمیشہ اچھی فلم میں اچھا کردار ہے، پھر چاہے وہ انگریزی میں ہو یا ہندی میں کوئی بھی فلم اگر میرے معیار کے مطابق ہوئی تو میں اس میں اداکاری ضرور کروں گی پھر چاہے وہ بولی وڈ ہو یا ہولی وڈ۔