والڈ سٹی اتھارٹی نے شاہی قلعے میں دنیا کی سب سے بڑی پکچر وال کی ڈاکومینٹیشن اور ڈیزائن کا کام شروع کردیا

مسجد وزیر خان کی ترقی و بحالی اورشاہی قلعے کا پی سی ون حکومت پنجاب کوبھجوا دیا ہے، بوسیدہ عمارتوں کی مرمت ،بجلی کا نظام انڈر گراؤنڈ اور سیوریج سسٹم بہتر بنایا جائے گا ، ترجمان تانیہ قریشی

اتوار 3 جنوری 2016 12:26

لاہور۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 جنوری۔2016ء) والڈ سٹی اتھارٹی نے شاہی قلعے میں قائم دنیا کی سب سے بڑی پکچر وال کی ڈاکومینٹیشن اور ڈیزائن کیلئے کام کا آغاز کر دیا، یہ منصوبہ نارویجن حکومت اور آغا خان ٹرسٹ کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا جس کیلئے نارویجن حکومت نے 1کروڑ 10لاکھ روپے کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔ والڈ سٹی اتھارٹی کی ترجمان تانیہ قریشی نے اتھارٹی کی سالانہ کارکردگی رپورٹ کے حوالے سے میڈیا کوبتایا کہ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری کی ہدایات کے مطابق والڈ سٹی اتھارٹی نے 2015ء میں پیکج ون مکمل کیا جس میں دہلی گیٹ سے پرانی کوتوالی تک کے علاقے کی ترقی اور بحالی کی گئی۔

ترجمان نے بتایا کہ مسجد وزیر خان کی ترقی و بحالی کا پی سی ون بنا کر حکومت کو بھیج دیا گیا ہے جس کا تخمینہ لاگت 533لاکھ روپے کے قریب ہے جبکہ مسجد وزیر خان کی بیرونی شمالی دیوار کی بحالی کیلئے والڈ سٹی اتھارٹی نے آغا خان ٹرسٹ کے تعاون سے 3معاہدے بھی دستخط کئے ہیں جن کے تحت نارویجن حکومت نے مسجد وزیر خان کی بحالی کیلئے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح شاہی قلعے کا پی سی ون بنا کر حکومت پنجاب کو دے دیا گیا ہے جس کی لاگت 840لاکھ روپے ہے۔انہوں نے بتایا کہ پیکج ٹو کے تحت کوتوالی چوک تا اکبری گیٹ تک ترقی اور بحالی کا کام کیا جائے گا، اس منصوبے کا تخمینہ لاگت 72کروڑ روپے ہے جس میں اس علاقے کے انفراسٹرکچر کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ یہاں کی بوسیدہ عمارتوں کو مرمت بھی کیا جائے گا اوربجلی کا نظام انڈر گراؤنڈ کر کے سیوریج کے سسٹم کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ والڈ سٹی لاہور اتھارٹی نے سال 2015ء میں پیکج ون ، شاہی حمام کا افتتاح اور دیگر پراجیکٹس مکمل کئے ، بلڈنگ ریگولیشنز، سروس رولز اور ہیریٹیج پراپرٹی قوانین بنائے گئے،سیاحت کے فروغ کیلئے جشن شاہی گزرگاہ، فوٹو واک، رنگیلے رکشے ، ٹانگہ ٹورازم اور دیگر سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا جس کے نتیجے میں2350غیر ملکی سیاحوں سمیت 49297ملکی سیاحوں نے اندرون لاہور اور تاریخی یادگاروں کا دورہ کیا،اسی طرح پیکج ٹو ، پکچر وال اورمسجد وزیر خان کی بحالی سمیت دیگر اہم منصوبے شروع کر دیئے گئے۔

وانہوں نے بتایا سال 2015ء میں اتھارٹی نے خطرناک عمارتوں کے تحفظ کیلئے کام شروع کیا جس کیلئے پنجاب حکومت کی جانب سے 2کروڑ روپے کے فنڈز بھی جاری کئے جا چکے ہیں، اسی طرح، شاہی حمام کی بحالی کی تکمیل کے ساتھ اس کا افتتاح بھی کیا گیا اوراب تک تقریبا 20ہزار سے زائد ملکی و غیر ملکی سیاح شاہی حمام کا دورہ کر چکے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ شاہی حمام کی بحالی کیلئے نارویجن حکومت نے ساڑھے 4کروڑ روپے کے فنڈز جاری کئے تھے جبکہ آغا خان کلچر فار ٹرسٹ اور اتھارٹی کے مشترکہ تعاون سے شاہی حمام کی بحالی کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ سیاحت کے فروغ کیلئے جشن شاہی گزرگاہ کے نام سے گزشتہ سال ایک میلے کا انعقاداور 3فوٹو واکس کروائی گئیں، تصویری مقابلے اور فری گائیڈیڈ ٹورز کروائے گئے جبکہ سیاحوں کی دلچسپی میں اضافے کیلئے اندرون لاہور رنگیلے رکشے اور ٹانگہ ٹورازم متعارف کروایا گیا۔