پٹھان کوٹ ایئربیس پر سرچنگ کے دوران دھماکا ، لیفٹیننٹ کرنل ہلاک، 3 اہلکار زخمی،حملے کے تین زخمی اہلکا ردم توڑ گئے ،ہلاک فوجیوں کی تعداد 8ہوگئی ،18اہلکار زخمی ،بھارتی وزارت داخلہ

بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان پر الزام تراشیوں کا سلسلہ جاری، حملہ آوروں کا تعلق بہاولپور سے ہے ، تین روز پہلے ہی بھارت آئے تھے،بھارتی ٹی وی کی ہرزہ سرائی

اتوار 3 جنوری 2016 14:07

پٹھان کوٹ ایئربیس پر سرچنگ کے دوران دھماکا ، لیفٹیننٹ کرنل ہلاک، 3 اہلکار ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 جنوری۔2016ء ) بھارتی پنجاب کے علاقے پٹھان کوٹ میں ائیربیس پر مسلح افراد کے حملے کے بعد سرچنگ کے دوران دھماکا ہونے سے لیفٹیننٹ کرنل ہلاک اور 3 اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ گزشتہ روز حملے میں زخمی تین اہلکار دم توڑ گئے جس کے بعد ہلاک فوجیوں کی تعداد 8 ہوگئی جبکہ 18 فوجی زخمی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پٹھان کوٹ کی ایئر بیس پر حملے کے بعد سرچنگ کے دوران دھماکہ خیز مواد پھٹنے کے نتیجے میں انسداد دہشتگردی فورس کے نیشنل سیکورٹی گارڈ کے لیفٹیننٹ کرنل نیرنجن ہلاک جبکہ تین اہلکار زخمی ہو گئے۔

گزشتہ روز ائیربیس پر حملے کے دوران زخمی ہونے والے تین بھارتی فوجی ہسپتال میں دم توڑ گئے جس کے بعد ہلاک فوجیوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے ۔

(جاری ہے)

حملے میں 18 فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔بھارتی پٹھان کوٹ ایئر بیس پر سرچنگ کے دوران دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی بھارتی پٹھان کوٹ ایئر بیس پر ہونے والے حملے کی تحقیقات سے پہلے ہی پاکستان پر الزام تراشی شروع کر دی تھی۔

جبکہ بھارتی میڈیا نے حملہ آوروں کی آپس میں ہونے والی گفتگو کو بھی اپنے رنگ میں رنگ لیا۔ زی نیوز نے شوشا چھوڑا کہ حملہ آوروں کا تعلق بہاولپور سے ہے اور تین روز پہلے ہی بھارت آئے تھے۔ این ڈی ٹی وی کا کہنا تھا کہ بہاولپور سے آئے دہشت گردوں کا مقصد ایئر بیس پر طیارے اور ہیلی کاپٹرز تباہ کرنا تھا۔ دیگر بھارتی آن لائن اخبارات اور چینلز بھی پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے میں مصروف ہیں۔