سڈنی ٹیسٹ، ویسٹ انڈیز نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنا لئے

اتوار 3 جنوری 2016 15:07

سڈنی ٹیسٹ، ویسٹ انڈیز نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنا لئے

سڈنی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 جنوری۔2016ء) آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے مابین سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے روز میزبان ٹیم ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنا لئے، کریگ براتھویٹ نے 85 رنز کی اننگز کھیلی۔ دنیش رامدین 23 اور کارلوس براتھویٹ 35 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، نیتھن لائن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

خراب موسم کی وجہ سے 75 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو سڈنی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہونے والے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، ویسٹ انڈیز کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی پہلی وکٹ 13 کے مجموعی سکور پر گر گئی، شائی ہوپ 9 رنز بنانے کے بعد جوش ہیزل ووڈ کا شکار بن گئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کریگ براتھویٹ اور ڈیرن براوو نے اچھی بیٹنگ کی اور 91 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 104 تک پہنچا دیا، ڈیرن براوو دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 33 رنز بناکر جیمز پیٹنسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ مارلن سیموئلز بدقسمت رہے اور 4 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے، جرمائن بلیکووڈ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 10 رنز بناکر نیتھن لائن کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

کریگ براتھویٹ نے 85 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد نیتھن لائن کی گیند پر سٹیون سمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ کپتان جیسن ہولڈر ویسٹ انڈیز کے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو ایک رن بناکر سٹیو اوکیف کا شکار بن گئے۔ اس کے بعد دنیش رامدین اور کارلوس براتھویٹ نے مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور کھیل کے اختتام تک ٹیم کا سکور 6 وکٹوں کے نقصان پر 207 تک پہنچا دیا۔ دنیش رامدین 23 اور کارلوس براتھویٹ 35 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ نیتھن لائن نے دو جبکہ جوش ہیزل ووڈ اور سٹیو اوکیف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

متعلقہ عنوان :