شہر یار خان نے بطور چیئرمین پی سی بی کے عہدے کو مبینہ طور پر ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کا انکشاف

اتوار 3 جنوری 2016 17:41

شہر یار خان نے بطور چیئرمین پی سی بی کے عہدے کو مبینہ طور پر ذاتی مقاصد ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 جنوری۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہریار خان نے مبینہ طور پر ذاتی مقاصد کیلئے عہدے کا استعمال کیا۔میڈیا رپوٹس کے مطابق شہریار خان نے اسلام آباد میں واقع اپنے بیٹے عمر علی خان کے کیوسک سینٹر کو گرانے پر کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سربراہ معروف افضل کو جو احتجاجی خط لکھا، اس کیلئے پی سی بی کا لیٹر ہیڈ اور مہر استعمال ہوئی۔

شہریار کے اس اقدام سے کرکٹ بورڈ میں معاملات کی شفافیت پر سوالات کھڑے ہوتے ہیں۔پی سی بی کے سابق چیئرمین خالد محمود کے مطابق، ماضی میں کسی چیئرمین نے اپنے عہدے کے ناجائز فائدہ نہیں اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ذاتی مقاصد کیلئے عہدے کا استعمال کرنا انتہائی مایوس کن ہے۔عمر علی کے ریستوران کے مینیجر نے سی ڈی اے کو خط لکھے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس شواہد موجود ہیں کہ یہ ریستوراں اتھارٹی کی اجازت سے بنایا گیا۔

(جاری ہے)

’خط لکھنے کا مقصد یہ تھا کہ ریستوران کو دوبارہ فعال ہونے کی اجازت دی جائے‘۔سابق کرکٹر محسن خان نے واقعہ پر انتہائی حیرانی اور مایوسی ظاہر کرتے ہوئے پاک-انڈیا سیریز پر شہریار کے بیانات کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔’پاک-انڈیا سیریز اور اب پاکستان سپر لیگ کے معاملات بورڈ میں کرپشن اور بد انتظامی چھپانے کے طریقے ہیں‘۔سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز نواز نے خط کو اختیارات کا غلط استعمال قرار دیتے ہوئے محمد عامر کو ٹیم میں شامل کرنے پر بھی سوال اٹھایا۔پی سی بی ترجمان امجد بھٹی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ خط چیئرمین کا ذاتی معاملہ ہے لہذا اسے زیر بحث نہیں لایا جانا چاہیئے۔