میٹرو بس منصوبے پر 30ہزار افراد کام کر رہے ہیں ،منصوبے کی تکمیل کے بعد پڑھے لکھے اور ہنر مند افراد پر روزگار کے نئے دروازے کھلیں گے

چیف انجینئر و ٹیکنیکل ایڈوائزر ملتان میٹرو بس پراجیکٹ بس پراجیکٹ صابر خان سدوزئی کی وفد سے گفتگو

پیر 4 جنوری 2016 22:55

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 جنوری۔2016ء) چیف انجینئر و ٹیکنیکل ایڈوائزر ملتان میٹرو بس پراجیکٹ بس پراجیکٹ صابر خان سدوزئی نے کہا ہے کہ میٹرو بس منصوبے پر 30ہزار افراد کام کر رہے ہیں اور انہیں روزگار میسر ہے۔منصوبے کی تکمیل کے بعد پڑھے لکھے اور ہنر مند افراد پر روزگار کے نئے دروازے کھلیں گے اور شہرکی معاشی سرگرمیوں میں بھی تیزی آئے گی۔

یہ بات انہوں نے اپنے آفس میں ملاقات کے لئے آنے والے سول سوسائٹی کی نمائندہ شخصیات سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔چیف انجینئر نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میٹرو بس پراجیکٹ کا کنٹریکٹ میعار پر پورا اترنے والی ملکی اور غیر ملکی نامور کنسٹرکشن کمپنیوں کو دیا گیا ہے جن کے تجربہ اورافرادی قوت کو مدنظر رکھا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سائیٹ کے علاوہ منصوبے کے درجنوں مختلف جزئیات (Competents)پر شہر سے باہر بھی کام جاری ہے اور مجموعی طور پر 30ہزار افراد کام کر رہے ہیں جن میں انجینئرز سے لیبر سب شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبے پر 70فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے اور کوشش ہے کہ منصوبہ وقت سے پہلے مکمل کیا جائے گا یہی وجہ ہے کہ ماضی کی روایات کے برعکس فلائی اوور کی تعمیر سے قبل ہی نیچے سڑک کی تعمیر شروع کر دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملتان میٹرو اسٹیشنز کا ڈئزائن منفرد ہوگا جس کا اندر کا ماحول گرم موسم میں بھی خوشگوار ہوگا۔صابر خان سدوزئی نے بتایا کہ ابتدائی طور پر 60بسیں چلائی جائیں گی جن کی تعداد بتدریج 120 تک بڑھائی جائے گی۔

اس کے علاوہ شہر کے 11روٹس پر فیڈر بسیں بھی چلائی جائیں گی ان روٹس کا سروے مکمل کر لیا گیاہے ‘یہ بسیں مختلف میٹرو اسٹیشن سے لنک ہوں گی ۔انہوں نے بتایا کہ توقع ہے کہ میٹرو بسوں پر روزانہ ایک لاکھ سے زائد افراد سفر کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ منصوبہ مکمل کر نے کے بعد صوبائی حکومت کے ادارے ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے سپرد کیا جائے گا اورایگزیکٹو عہدوں کے علاوہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر،میٹرو اسٹیشنز،بس ڈپو،ایڈمن بلاک،ورکشاپس اور ڈرائیورز کی سینکڑوں نئی آسامیوں پر بھرتیاں کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :