وائٹل سینس بینڈ سے علیحدگی کے بعد اپنا جنون گروپ بنایا ‘گلوکار سلمان احمد

منگل 5 جنوری 2016 13:13

وائٹل سینس بینڈ سے علیحدگی کے بعد اپنا جنون گروپ بنایا ‘گلوکار سلمان ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 جنوری۔2016ء ) گلوکار سلمان احمد نے کہا ہے کہ میں نے اپنے کیریئر کا آغاز وائٹل سینس بینڈ سے کیا جس میں جنید جمشید سمیت دیگر گلوکار بھی شامل تھے مگر بعض اختلافات کی وجہ سے مجھے بینڈ چھوڑنا پڑا ۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہمارے بینڈ کو ” دل دل پاکستان “ سے پہچان ملی ، پاپ میوزک کا دور تھا اور اس وقت میں نے بینڈ کے دیگر دوستوں کو مشورہ دیا کہ ہمیں اپنے بینڈ میں علامہ اقبال اور دیگر بزرگوں کا صوفیانہ کلام شامل کرنا چاہیے اسی بات پر اتفاق نہ ہونے پر میں نے علیحدہ ہو کر اپنا ”جنون گروپ “بنا لیا ۔

چار سال کی جدو جہد کے بعد نغمہ ” ہے جذبہ جنون “ نے میرے لیے کامیابیوں کے راستے کھول دیئے ۔

(جاری ہے)

سلمان احمد نے کہا کہ میرے والدین مجھے ڈاکٹر بنانے کے خواہشمند تھے مگر میرا گلوکاری اور کرکٹ کی طرف زیادہ رحجان تھا ۔ فسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کے بعد آخر کار مجھے گلوکاری کا انتخاب کرنا پڑا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کو میں سیاستدان کی نسبت قومی ہیرو مانتا ہوں ۔

جبکہ راحت فتح علی خاں اچھے گلوکار ہیں ۔ سلمان احمد نے مزید کہا کہ میں اس وقت ملک میں پولیو ختم کرنے کے خلاف ایک تحریک میں مصروف ہوں ۔ میری خواہش ہے کہ سال 2016ء میں پاکستان مکمل طور پر پولیو سے پاک ہو جائے ۔ دنیا کے سب ممالک میں پولیو جیسی بیماری ختم ہو چکی ہے جبکہ صرف دو ملکوں افغانستان اور پاکستان میں ابھی تک موجود ہے اور میں نے اس کو ختم کرنے کے لئے بھرپور جدوجہد کر رکھی ہے ۔