Live Updates

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کل ٹیوٹا کے زیر اہتمام تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے

منگل 5 جنوری 2016 15:14

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 جنوری۔2016ء) ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) کے زیر اہتمام تین ماہ دورانیہ کے لائٹ ٹرانسپورٹ وہیکل (ایل ٹی وی) ڈرائیونگ کورس کے پہلے مرحلے میں پاس شدہ 1200نوجوانوں کو سرٹیفکیٹ دینے کی تقریب کل (بدھ)کو نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس ٹریننگ کالج شیخوپورہ میں منعقد ہو رہی ہے جس میں وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف بطورمہمان خصوصی شرکت کرینگے۔

اس موقع پر پاس آؤٹس کواسناد دی جائیں گی۔ ان ان خیالات کا اظہار چیئرپرسن ٹیوٹاعرفان قیصر شیخ نے ٹیوٹا سیکرٹریٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرچیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی، ٹیوٹا افسران اختر عباس بھروانہ،اظہر اقبال شاد، مصطفی کمال پاشا،فاروق احمد چیمہ ،عائشہ قاضی، عظمی نادیہ، سرفراز انور اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

عرفان قیصر شیخ نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 1200نوجوانوں نے تربیت حاصل کی ہے۔

یہ کورس صوبہ پنجاب میں بیروزگار نوجوانوں کیلئے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس (NHMP) کے 36روڈ سیفٹی ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس میں شروع کیا گیا۔دوران تربیت انہیں محفوظ ڈرائیونگ، روڈ سیفٹی اقدامات ، حفظان صحت ، گفتگو کے آداب، کمپیوٹر سے آشنائی، عربی بول چال اور انجن و گاڑی کی بنیادی معلومات کے بارے میں آگاہی دی گئی ہے۔اس کورس کے کامیاب انعقاد کیلئے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے ساتھ سمجھوتہ کیا گیا تھا۔

دوران ٹریننگ زیر تربیت نوجوانوں کو ایک ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیاگیا۔چیئر پرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ ٹیوٹا تربیت یافتہ ڈرائیورز کو یقینی روزگار کی فراہمی کیلئے ملٹی نیشنل /نیشنل کمپنیز، رینٹ اے گار اور دیگر کے ساتھ رابطے کر رہی ہے اور بہت سے اداروں نے روزگار ٹیوٹا کے تربیت یافتہ ڈرائیورز کو نوکریوں دینے کیلئے پیش کش کر دی ہے۔ اس اقدام سے صوبہ میں بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات