مزدوروں کے 9 بچے بچیوں کو ادارہ سوشل سیکورٹی سے منسلک میڈیکل کالجز میں مفت تعلیم دلوائی جائے گی ‘‘راجہ اشفاق سرور

حکومت پنجاب مزدوروں او ران کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود اور تعلیم و ترقی کے لئے کوشاں ہے ‘صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل

منگل 5 جنوری 2016 19:40

لاہو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 جنوری۔2016ء ) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب مزدور طبقہ کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لئے تمام وسائل بروئے کا ر لا رہی ہے ، مزدوروں کے میرٹ پر آنے والے بچوں کو میڈیکل کالجز اور دیگر معروف تعلیمی اداروں میں اعلی تعلیم بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہے - انہوں نے یہ بات ادارہ سوشل سیکورٹی پنجاب کے زیر اہتمام تحفظ یافتہ کارکنوں اور مزدوروں کے میرٹ پر آنے والے 9 بچوں کو ادارے سے منسلک مختلف میڈیکل کالجز میں ایم بی بی ایس کی مفت تعلیم کی فراہمی کے لئے داخلہ لیٹرز دینے کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی - کمشنر سوشل سیکورٹی منصور قادر ، وائس کمشنر خالد سلیم ، ڈائریکٹر میڈیکل ڈاکٹر ناصر جمال پاشا کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران اور داخلہ حاصل کرنے والے بچوں اور ان کے والدین نے تقریب میں شرکت کی - ایم بی بی ایس 2015-16 سیشن میں داخلہ کے لئے عزیر ارشد ، ملجہ بٹ اور نورالعین کو یونیورسٹی کالج آف میڈیسن اینڈ ڈینٹسری لاہور ، محمد حارث ، اشعر اقبال اور محمد اویس نواز کو اسلام میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج جبکہ حبیبہ افتخار ، ہارون رضا اور شاہانہ کوثر کو بی ڈی ایس اسلام میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج سیالکوٹ میں داخلہ کے لئے کامیاب قرار دیا گیا تھا جنہیں آج وزیر محنت راجہ اشفاق سرور، کمشنر اور وائس کمشنر سوسل سیکورٹی نے میڈیکل کالجز میں داخلے کے لیٹرز دئیے - وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے داخلہ حاصل کرنے والے طلبا و طالبات اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مزدوروں اور محنت کشوں کے ہونہار بچوں کا میڈیکل کی اعلی تعلیم کے حصول کے لئے منتخب ہونا بہت خوشی اور فخر کی بات ہے - انہوں نے امید ظاہر کی کہ منتخب طلبا و طالبات ڈاکٹر بن کر دکھی انسانیت کی خدمت اور ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے -

متعلقہ عنوان :