شمالی کوریا کا ایٹمی تجربہ ، ’ بھرپور جواب‘ کی امریکی دھمکی

بدھ 6 جنوری 2016 11:09

شمالی کوریا کا ایٹمی تجربہ ، ’ بھرپور جواب‘ کی امریکی دھمکی

پیانگ یانگ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6جنوری2016ء).شمالی کوریا نے ایک مرتبہ پھر امریکی اور اقوام متحدہ کی جانب سے عائد پابندیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے بدھ کی صبح ہائیڈروجن بم کا تجربہ کرلیا ۔ شمالی کوریا کے سرکاری ٹی وی کے مطابق تجربے کے سبب ملک میں پانچ اعشاریہ ایک شدت کازلزلہ ریکارڈ ہوا۔

(جاری ہے)

شمالی کوریا پر ایٹمی اور میزائل پروگرام کے باعث ہی پابندیاں عائد کی گئی تھیں لیکن شمالی کوریا ان پابندیوں کو شروع ہی سے ’مخالفانہ ‘ قرار دیتا رہا ہے تاہم ہائیڈروجن بم کے تجربے کے ساتھ ہی دنیا کے متعدد ممالک کی طرف سے بھی شمالی کوریا کو سخت تنقید کا سامنا ہے ۔

امریکا کا کہنا ہے کہ وہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرنے کی مذمت کرتا ہے ۔ وائٹ ہائوس سے جاری ایک میں مزید کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا کو بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی پاسداری کرنا ہوگی ورنہ امریکہ شمالی کوریا کی کسی بھی اشتعال انگیزی کا بھر پور جواب دے گا۔ وائٹ ہائوس کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کسی بھی ملک کا نام لئے بغیر یہ بات باور کرائی گئی ہے کہ امریکا خطے میں اپنے اتحادیوں کی حفاظت اور ان کا دفاع جاری رکھے گا۔