اسلام آباد : امریکہ سے ڈی پورٹ کیے گئے شخص کو امریکی اسکارٹ سمیت واپس واشنگٹن بھیج دیا گیا ،ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزارت داخلہ کا ترکش ائیر لائن کو 5 ہزار ڈالر کا جُرمانہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 6 جنوری 2016 11:12

اسلام آباد : امریکہ سے ڈی پورٹ کیے گئے شخص کو امریکی اسکارٹ سمیت واپس ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 06 جنوری 2016 ء) : امریکہ سے ڈی پورٹ کیے گئے شخص کو وزارت داخلہ حکام نے پاکستان میں داخلے کی اجازت نہیں دی جس کے بعد ایف آئی اے نے مذکورہ شخص کو امریکی اسکارٹ سمیت ہی واشنگٹن واپس بھیج دیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق امریکہ سے ڈی پورٹ کیے گئے شخص کو پاکستان لایا گیا تو ایف آئی اے نے ملک میں داخلے کی اجازت نہ دیتے ہوئے امریکی پولیس کو جواب دیا کہ ضابطہ کار کے منافی کسی بھی شخص کو قبول نہیں کیا جا سکتا، اس شخص کو پاکستان لانے سے قبل نہ تو پاکستانی حکام سے تصدیق کی گئی اور نہ ہی وزارت داخلہ کی منظوری لی گئی۔

وزارت داخلہ حکام نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ترکش ائیر لائن کو بھی 5 ہزار ڈالر جُرمانہ عائد کیا ۔ مذکورہ شخص کو جرائم میں ملوث ہونے کے سبب امریکہ سے ڈی پورٹ کیا گیا تھا البتہ بغیر تصدیق پاکستان لانے پر اس شخص کو امریکی اسکارٹ سمیت واپس بھیج دیا گیا۔