پاکستان چین خارجہ پالیسی کے ایجنڈے پر سرفہرست ہے ،صدرژی

بدھ 6 جنوری 2016 13:39

پاکستان چین خارجہ پالیسی کے ایجنڈے پر سرفہرست ہے ،صدرژی

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 جنوری۔2016ء/ شنہو ا) پاکستان اور دیگر ہمسایہ ممالک کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعلقات چین کی ترجیحاتی پالیسی کے نمایاں خدوخال ہیں ، اس کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتاہے کہ حالیہ برسوں میں پاکستان چین کی خارجہ پالیسی کے ایجنڈے پر سرفہرست ہے اور چین پاکستان تعلقات مثالی حیثیت رکھتے ہیں ، ہمسایوں کے بارے میں اپنی پالیسی پر اظہار خیال کرتے ہوئے چینی صدر ژی جن پنگ نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ اس کی ایک واضح مثال ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ چین کی پالیسی خلوص ، باہمی مفادات ،افہام و تفہیم اور صلح و آشتی پر مبنی ہے ،خطے کی ترقی اور ہمسایہ ممالک میں خوشحالی چین کا خواب ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو ممالک دنیا کی دوسری بڑی معیشت سے کچھ سیکھنے کی خواہش مند ہیں،چین ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیارہے ، چینیوں کے خواب کو سمجھنے کے لیے چین کو سمجھنا ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ چین کا عظیم بن کر ابھرنا موجودہ تاریخ میں چینیوں کے لیے ایک بڑا خواب ہے جب ہم 2049میں پارٹی کی سو سالہ تقریبات منارہے ہونگے تو چین کو جدید اورخوشحال بنانے کا ہدف حاصل کر چکے ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ تین سال سے دنیا امن ، ترقی ، سیکورٹی اورعالمی صورتحال کے حوالے سے چین کو بہترطورپر سمجھنے لگی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں امن ضروری ہے امن کے بغیر چین اور دنیا کے دیگر ممالک ترقی سے فائدہ نہیں اٹھا سکتے ،چین کی حکمت عملی اس کے اپنے اصولوں کے مطابق ہے ، چینی خواب کا مطلب امن ، ترقی ،تعاون اور کامیابی حاصل کرنا ہے کیونکہ چین کا مستقبل بھی دنیا کی قسمت کے ساتھ وابستہ ہے۔

متعلقہ عنوان :