معروف فٹبالر وین رونی شاندار کارکردگی ، ریکارڈ 51 گول کرنے پر بہترین برطانوی کھلاڑی قرار

بدھ 6 جنوری 2016 13:43

معروف فٹبالر وین رونی شاندار کارکردگی ، ریکارڈ 51 گول کرنے پر بہترین ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 جنوری۔2016ء) انگلینڈ کے مشہور فٹ بالر وین رونی کو شاندار کارکردگی اور ریکارڈ 51 گول کرنے پر انگلینڈ کا سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔انگلینڈ کی فٹ بال ایسوسی ایشن کے اعلان کے مطابق 30 سالہ رونی کو ووٹنگ کے ذریعے بہترین کھلاڑی کا حق دار قراردیا گیا ۔ انہوں نے انگلینڈ کی جانب سے دیگر ممالک کے خلاف کیرئیر میں 51 گول کرکے بوبی چارلٹن کے 49 گول کا طویل عرصے سے قائم ریکارڈ توڑا جب کہ رواں برس 7 گول کے ساتھ سرفہرست کھلاڑی رہے ، اسی طرح ان کی کارکردگی سے انگلینڈ کی ٹیم سال بھر میں 10 ریکارڈ کامیابیوں کے ذریعے یوروکپ 2016ء تک کوالی فائی کرنے میں کامیاب ہوئی ۔

رونی نے انگلینڈ کے سپورٹرز کلب کے اراکین کے 37 فی صد ووٹ حاصل کئے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے یہ ایوارڈ 2008ء ، 2009ء اور 2014ء میں حاصل کیا تھا ۔ رونی نے اپنی ویب سائٹ پر خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ"اس ایوارڈ کو حاصل کرنا ہمیشہ عزت کی بات ہے اور چوتھی دفعہ جیتنا میرے لیے انتہائی فخر کا باعث ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ حقیقت ہے کہ یہ مداحوں کی جانب سے ہے جو میرے لیے بہت خاص ہے۔

یہ سال ٹیم اورذاتی طورپر میرے لیے بہت اچھا تھا۔رونی نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ"میں تمام مداحوں کا ان کی مسلسل حمایت پر شکرگذار ہوں اور امید ہے کہ 2016ء اس سے بہتر سال ہوگا۔اسٹوک سٹی کے گول کیپر جیک بٹ لینڈ کو بہترین کارکردگی پر انڈر 21 کے سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔رونی اور بٹ لینڈ کو یہ ایوارڈ 26 مارچ کو انگلینڈ اورجرمنی کے درمیان ہونے والے دوستانہ میچ کے دوران پیش کیا جائے گا۔